اسلام آباد: وزیر اعظم نواز شریف کی سربراہی میں اعلیٰ ترین سیاسی و عسکری قیادت کا اجلاس ہوا جس میں نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزیر اعظم نواز شریف کی زیرصدارت اعلی سطح اجلاس ہوا جس میں آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ، وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان، وزیرخزانہ اسحاق ڈار ، مشیر خارجہ سرتاج عزیز اور مشیر قومی سلامتی ناصر جنجوعہ نے شرکت کی، اجلاس میں آپریشن ردالفساد میں پیش رفت اور کامیابیوں کے علاوہ پاک افغان بارڈرمینجمنٹ سےمتعلق اٹھائےگئےحالیہ اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ وزیر اعظم نے پاک فوج اور سیکیورٹی اداروں کی جانب سے پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ ردالفساد کی رفتار کو تیز اور عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے مؤثراقدامات کیے جائیں۔
اجلاس کے دوران شرکا نے شدت پسندی اور دہشت گردی کا خاتمہ پاکستان کی سالمیت کے لیے انتہائی اہم قرار دیا، سیاسی و عسکری قیادت نے نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد تیز کرنے، وفاق اورصوبوں میں رابطے مزید موثر بنانے اور پاک افغان بارڈر کی سیکیورٹی کو مؤثر بنانے کے لیے مزید اقدامات کا فیصلہ کیا گیا۔