|

وقتِ اشاعت :   March 19 – 2017

اسلام آباد: پیپلزپارٹی کے رہنما اور سابق صوبائی وزیر شرجیل میمن کو وطن واپس پہنچنے پر اسلام آباد ایئر پورٹ پر گرفتار کرلیا گیا۔ پیپلزپارٹی کے رہنما اور سابق صوبائی وزیر شرجیل میمن رات گئے دبئی سے وطن واپس پہنچے جہاں انہیں اسلام آباد ایئرپورٹ پر گرفتار کرلیا گیا۔ نمائندہ ایکسپریس نیوز کے مطابق شرجیل میمن کو سادہ لباس اہلکاروں نے ایئرپورٹ سے حراست میں لیا جس کے بعد انہیں نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق شرجیل میمن کے ہمراہ سندھ حکومت کے تین وزرا اور ایک معاون خصوصی بھی ایئرپورٹ پر موجود تھے جن میں امداد پتافی، مکیش چاؤلہ، فیض بٹ اور تیمور تالپور شامل ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ شرجیل میمن نے حراست میں لیتے وقت سادہ لباس اہلکاروں سے مزاحمت بھی کی لیکن اس دوران اہلکاروں نے انہیں زبردستی حراست میں لے لیا۔ دوسری جانب پیپلزپارٹی کے رہنما امداد پتافی نے بھی شرجیل میمن کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ سادہ لباس اہلکاروں نے دھکم پیل کے بعد شرجیل میمن کو حراست میں لے لیا۔ انہوں نے کہا کہ شرجیل میمن سندھ اسمبلی کے رکن ہیں اور ان کے پاس ضمانت کے کاغذات ہیں، ہم سندھ کے وزیر ہیں اس بات بھی خیال نہیں کیا گیا، شرجیل میمن کو اس طرح سے حراست میں لیے جانا سمجھ سے بالاتر ہے۔ واضح رہےکہ شرجیل میمن سندھ حکومت کے وزیر اطلاعات رہے ہیں اور ان پر کرپشن کے الزامات ہیں، نیب نے شرجیل میمن کے خلاف کرپشن کا ریفرنس دائر کر رکھا ہے اور ان کا نام بھی ای سی ایل میں شامل ہے، شرجیل میمن پونے دو سال سے بیرون ملک مقیم تھے۔