|

وقتِ اشاعت :   May 7 – 2017

چمن: کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض کا کہنا ہے کہ افغان فورسز کی جارحیت کا جواب دینے کے لئے ان کی 4، 5 چیک پوسٹیں تباہ کرنی پڑیں۔ کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض نے آئی جی ایف سی کے ہمراہ افغان فورسز کی گولہ باری سے زخمیوں کی عیادت کی اور ان کی جلد صحتیابی کے لئے دعا کی۔ اس موقع پر لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض کا کہنا تھا کہ افغانستان کی جانب سے نادان شرارت کی گئی اور افغان فورسز نے پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش بھی کی، اپنی نادانی پر افغان فورسز کو شرمندگی ہونی چاہیئے۔ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض کا کہنا تھا کہ افغان فورسز کو جارحیت کا جواب دینے کے لئے ان کی 4، 5 چیک پوسٹیں بھی تباہ کرنی پڑیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایسے اقدامات افغانستان کے حق میں نہیں ہیں جب کہ افغانستان کا رویہ ٹھیک ہونے تک چمن بارڈر بند رہے گا۔