اسلام آباد: پاناما کیس کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی نے الیکشن کمیشن سے وزیراعظم کے اثاثوں کی تفصیلات مانگ لیں جو الیکشن کمیشن کی جانب سے بھجوا دی گئی ہیں۔
پاناما کیس کی تحقیقات کرنے والی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی طرف سے الیکشن کمیشن کو خط موصول ہوا جس میں وزیراعظم نواز شریف کے 1985 سے اب تک کے مالی اثاثوں کی تفصیلات فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی تھی جب کہ وزیراعظم کے داماد کیپٹن صفدر کے اثاثوں کی تفصیلات بھی مانگی گئی تھی جس پر الیکشن کمیشن نے وزیراعظم کے گوشواروں کی تفصیلات بھجوادیں۔
ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن کے پاس 2002 سے قبل کا کوئی ریکارڈ موجود نہیں اس لیے کمیشن نے وزیراعظم کے 2013 سے 2016 تک کے تمام گوشوارے جے آئی ٹی کو بھجوادئیے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن نے وزیراعظم کے داماد کیپٹن صفدر کے مالی اثاثوں کی تفصیلات بھی جے آئی ٹی کو فراہم کر دی ہیں۔
واضح رہےکہ پاناما کیس کی تحقیقات ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف آئی اے کی سربراہی میں قائم مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کررہی ہے جس میں آئی ایس آئی، ایم آئی، اسٹیٹ بینک، نیب اور ایس ای سی پی کے افسران بھی شامل ہیں۔