کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا ہے کہ پاکستان ہم سب کا وطن ہے اور اپنے وطن اپنی آزادی اور خودمختاری کا دفاع ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
بلوچستان پاکستان کا نہ صرف ایک اہم صوبہ ہے بلکہ پاکستان کے خوشحال مستقبل کا دارومدار بلوچستان کی ترقی پر ہے، بلوچستان میں سیکورٹی فورسز کے فعال اشتراک اور عوام کے بھرپور تعاون سے دشمن کی تمام سازشوں کو ناکام بنا دیا ہے اور بچے کچھے سازشیوں کا مکمل صفایا کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
ہمیں یقین ہے کہ پاکستان کے نڈر اور بہادر عوام بالخصوص ہمارے باحوصلہ نوجوان امن اور ترقی کے دشمنوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنا دیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوتھ موبلائیزیشن کمیشن کے تحت ملک کی مختلف یونیورسٹیوں کے طلباء میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
صوبائی وزیر ہائی ایجوکیشن پنجاب سید علی گیلانی، مختلف یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز، اساتذہ کرام، طلباء و طالبات اور ان کے والدین کی بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم پاکستان کو ایک متحد، مضبوط اور جدید ملک کے طور پر ترقی دینے کا مقصد جلد حاصل کر لیں گے یقیناًاس سلسلے میں عوام کا تعاون اور خاص طور سے نئی نسل کا فعال کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے اور انہیں یقین ہے کہ باصلاحیت ، پرجوش اور پرعزم نوجوانوں کی بہترین کاوشیں ہمارے سنہرے مستقبل کی ضمانت ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ نوجوان اس ملک اور صوبے کا مستقبل ہیں نوجوانوں نے آگے چل کر ان کی باگ ڈور سنبھالنی ہے اور بہتر انداز میں اپنی صلاحیتوں کو ملک و قوم کی ترقی کے لیے بروئے کار لانا ہے۔
ہمیں اپنی نئی نسل کی صلاحیتوں اور جذبہ حب الوطنی پر پورا اعتماد ہے اور ہم یقین رکھتے ہیں کہ آج ہمارے ملک کو جن چیلنجوں کا سامنا ہے ان سے نمٹنے میں نوجوان کامیاب قائدانہ کردار ادا کریں گے اور زندگی کے جس شعبے میں بھی جائیں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے اساتذہ نے تعلیم کی خاطر جانوں کی قربانی دی، ہمارے بہت سے اساتذہ جن میں ایک خاتون پروفیسر بھی شامل ہیں کو شہیدکیا گیا اور ایسے حالات پیدا کئے گئے جن سے بہت سے اساتذہ صوبہ چھوڑنے پر مجبور ہوئے۔
امن اور تعلیم دشمن عناصر کا خیال تھا کہ شاید وہ اس طرح صوبے میں تعلیمی عمل کو روک کر ہماری موجودہ اور آئندہ نسلوں کو جہالت اور پسماندگی کے اندھیروں میں دھکیل دیں گے۔
لیکن اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم ، اساتذہ اور طلباء کے بلند حوصلوں ، حکومتی کوششوں اور سیکورٹی فورسز کی قربانیوں کی بدولت ہم سب نے ملکر ملک دشمنوں کے ان ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہمارے ادارے نئی نسل کی تعمیر اور کردار سازی میں مصروف عمل ہیں اور ہمارے بچے زیور تعلیم سے آراستہ ہو رہے ہیں۔ قوموں پر مشکل وقت ضرور آتے ہیں لیکن ان میں وہی قومیں کامیاب ہوتی ہیں ۔
جو بے خوف ہو کر حالات کا مقابلہ کرتی ہیں ہمیں فخر ہے کہ ہم بھی انہی قوموں میں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کا آنے والا دور بہت روشن ہے یہاں سی پیک بن رہا ہے، گوادر پورٹ فعال ہو چکی ہے ہم انشاء اللہ آپ کو ایک پڑھا لکھا ، پرامن اور خوشحال بلوچستان دے کر جائیں گے۔
ہمارے دشمن یہ سب نہیں چاہتے جس کے لیے وہ مختلف ہتھکنڈے استعمال کر رہے ہیں، وزیراعلیٰ نے کہا کہ طلباء کے توسط سے وہ انہیں یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ وہ کسی غلط فہمی میں نہ رہیں۔
اگر ان کا خیال ہے کہ وہ بلوچستان میں دو چار بم دھماکے کروا کے ہمیں خو فزدہ کر دیں گے تو یہ ان کی بھول ہے ہم ڈرنے یا بھاگنے والے نہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ آج ہم جس یونیورسٹی میں موجود ہیں وہ اپنے تعلیمی معیار کی بدولت پورے ملک میں منفرد مقام رکھتی ہے اور یہاں کے گریجویٹس ناصرف بلوچستان بلکہ ملک بھر میں خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔
بلوچستان کے تعلیمی اداروں نے بہت سی مشکلات اور پریشانیوں کو برداشت کرتے ہوئے درس و تدریس کا سلسلہ جاری رکھا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ لیپ ٹاپ آپ کے لیے ہماری جانب سے ایک تحفہ ہے جو آپ کی تعلیمی قابلیت بڑھانے میں مددگار ثابت ہوگا۔
ہم لیپ ٹاپ دے کر آپ پر کوئی احسان نہیں کر رہے بلکہ اپنی ذمہ داری ادا کر رہے ہیں۔ وزیراعظم پاکستان اور میرا وژن ہے کہ ہماری یوتھ دنیا میں کسی سے بھی پیچھے نہ ہو، طلباء ہمارا مستقبل ہیں اور ہم اپنا مستقبل روشن اور تابناک بنانا چاہتے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ یقیناًطلباء نے اپنے دورہ کے دوران بہت کچھ دیکھا اور سیکھا ہوگا اور بلوچستان کی حقیقی صورتحال کا مشاہدہ بھی کیا ہوگا کہ آج کا بلوچستان ماضی کے بلوچستان سے بہت مختلف ہے بالخصوص یہاں امن و استحکام آیا ہے۔
طلباء واپس جا کر بلوچستان کے سفیر کی حیثیت سے یہاں کی صورتحال کے بارے میں اپنے دیگر ساتھیوں، خاندان کے افراد اور اساتذہ کو آگاہ کریں تاکہ بلوچستان کے حوالے سے پایا جانے والا منفی تاثر دور ہو سکے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کی مختلف یونیورسٹیوں کے طلباء و طالبات سے مخاطب ہونا ان کے لیے بے حد خوشی کا باعث ہے۔آج یقیناًقومی یکجہتی کے اظہار کے حوالے سے ایک تاریخی لمحہ ہے۔
نوجوان ہمارا مستقبل ہیں اور ان کے چمکتے دمکتے چہرے دیکھ کر ظاہر ہوتا ہے کہ بلوچستان اور پاکستان کا مستقبل روشن ہے۔وزیراعلیٰ نے اس تقریب کے اہتمام اور نوجوانوں کو ایک دوسرے کے ساتھ تعاون و یکجہتی کو فروغ دینے کا موقع فراہم کرنے پر سدرن کمانڈ اور حکومت بلوچستان کے متعلقہ افسران کے فعال کردار کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔
بعد ازاں وزیراعلیٰ بلوچستان نے طلباء میں لیپ ٹاپ تقسیم کئے۔دریں اثناء وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا ہے کہ ہم سب کو ساتھ لے کر چلنے پر یقین رکھتے ہیں، صوبے کامفاد سب سے بڑھ کر ہے، اپنے آئینی اختیارات سے ناصرف بخوبی آگاہ ہیں بلکہ صوبے اور عوام کے مفاد میں ان اختیارات کا بہترین استعمال بھی کر رہے ہیں۔
کارکردگی کی بنیاد پر آئندہ انتخابات میں بھی مسلم لیگ(ن) کامیابی حاصل کرے گی اور وفاق اور صوبوں میں حکومت بنائے گی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبے کے سینئر صحافیوں کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔
ملاقات کے دوران صوبے کی سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام امن و ترقی چاہتے ہیں ، موجودہ حکومت عوام کے اعتماد اور توقعات پر پورا اترنے کے لیے بھرپور محنت کر رہی ہے اور عوام کے اعتماد کو کبھی بھی ٹھیس نہیں لگنے دی جائیگی ۔
انہوں نے کہا کہ صوبے کے تمام وسائل عوام کی امانت ہیں اور ایک ایک پائی ایمانداری کے ساتھ عوام پر خرچ کی جا رہی ہے جبکہ لوگوں کو روزگار کی فراہمی بھی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
وزیراعلیٰ نے ترقیاتی فنڈز کے لیپس ہونے کے تاثر کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنا کر وسائل کے ضیاع کو روکا جا رہا ہے، بدعنوانی ، فنڈز کے ضیاع اور نوکریوں کی خرید و فروخت کے حوالے سے ان کی برداشت کی حد صفر ہے۔
انہوں نے کہاکہ ہم اپنے آئینی اختیارات کو بھرپور طریقے سے استعمال کر رہے ہیں، وزیراعلیٰ نے اس موقع پر یقین دلایا کہ کوئٹہ پریس کلب کی سالانہ گرانٹ میں اضافے اور صحافیوں کے لیے رہائشی کالونی کے لیے اراضی کی فراہمی کے اعلانات کو جلد عملی جامع پہنایا جائیگا۔
اس موقع پر صحافیوں کے وفد نے جرنلسٹ ویلفیئر فنڈ کو 20کروڑ روپے کرنے پر وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ بلوچستان سے باجوئی ،توتک اورباغبانہ کے ایک نمائندہ وفد نے سردار علی محمد قلندرانی کی قیادت میں ملاقات کی۔
وفد نے اپنے اپنے علاقوں میں جاری ترقیاتی عمل پر وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا جبکہ بعض مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے ان کے حل کی درخواست کی، وزیراعلیٰ نے ان مسائل کے فوری حل کی یقین دہانی کرائی۔
بلوچستان میں دشمن کے تمام سازشوں کو ناکام بنادیا، بچے کچھ سازشوں کامکمل صفایا کرینگے، نواب زہری
وقتِ اشاعت : May 19 – 2017