|

وقتِ اشاعت :   June 29 – 2019

کوئٹہ: سی پی ڈی آئی کی جانب سے خصوصی افراد کے انتخابی و سیاسی حقوق کے حوالہ سے ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں متعلقہ شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے خصوصی افراد سے متعلق مسائل اور انکی جمہوری عمل میں شمولیت بارے تفصیل سے تبادلہ خیال کیا۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سی پی ڈی آئی کے سینئر پروگرام منیجر راجہ شعیب اکبر نے معذور افراد کی جمہوری عمل میں شمولیت کے فروغ کیلئے موجودہ قانونی ڈھانچہ کی تفصیلات سے آگاہ کیا اوران افراد کو مرکزی دھارے میں شامل کرنے کیلئے ضروری قانونی و انتظامی اصلاحات بارے تبادلہ خیال کیا۔ محمد آصف صوبائی کوارڈینیٹر نے اس بات پر زور دیا کہ معذور افراد کے مسائل کوہمدردی جیسے عمومی رویے سے ہٹ کرحقوق و ذمہ داریوں کے نقطہ نظر سے دیکھنے کی ضرورت ہے۔

نعمت اللہ نے معذور افراد سے متعلق تنظیموں کی نمائندگی کرتے ہوئے کہا کہ معذور افراد کو معذوری سرٹیفکیٹ اورخصوصی قومی شناختی کارڈز کے حصول کیلئے سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی تنظیموں اور حکومتی عہدیداران کو چاہیے کہ وہ معذورافراد کے نمائندوں کی فیصلہ سازی میں شرکت کی حوصلہ افزائی کریں تاکہ اس عمل میں انکی شمولیت یقینی بنائی جاسکے۔نادرا کے نمائندے عبدالمنان اورالیکشن کمیشن کے اہلکار اخلاق احمد نے بھی اس بات کا یقین دلایا کہ دونوں ادارے معذور افراد کی انتخابی عمل میں زیادہ اور مؤثر شرکت کیلئے پر عزم ہیں۔

ندیم خان نیشنل کونسل ممبر پی ٹی آئی نے کہا کہ اس وقت ایک بہت بڑا خلا ہے جسے فوری پر کرنے کی ضرورت ہے حکومت کو چاہیے کہ وہ معذور افراد کی فلاح و بہبود کیلئے فوری طور پر ٹھوس اقدامات کرے اور ان کی انتخابی عمل میں شمولیت کیلئے موجودہ قانونی ڈھانچے کو بہتر بنائے۔اس کاآغا زایسے بھی کیا جاسکتا ہے کہ تمام سیاسی پارٹیوں کومعذور افراد کیلئے الگ ونگ بنانے کا قانونی طور پر پابندبنایا جائے اور خصوصی افراد کیلئے عام نشستوں کے ساتھ ساتھ سپیشل نشستوں کا کوٹہ بھی مختص کیا جائے۔

انہوں نے مزید یقین دھانی کرائی کہ چونکہ انکی پارٹی حکومت کا حصہ ہیں اس لئے وہ اس اہم مسئلے کومتعلقہ حکام تک نہ صرف پہنچائیں گے بلکہ ون ونڈو آپریشن کے ذریعے سے خصوصی افراد کیلئے شناختی کارڈ کے حصول کو یقینی بنائیں گے۔

محترمہ سمیرا نے حکومت کی نمائندگی کرتے ہوئے کہا کہ حکومت خصوصی افراد کی حالت بہترکرنے کیلئے خاطر خواہ اقدامات کر رہی ہے اور وہ یہ سمجھتی ہے کہ خصوصی افراد کا مرکزی دھارے میں شامل ہونا انتہائی ضروری ہے اسلئے وہ اس اہم مسئلے کو وزیر اعلٰی تک بھی پہنچائیں گی۔

مہمان خصوصی ندیم خان نے اپنے خیالا ت کا اظہار کرتے ہوئے سیمینار کے انعقاد پر سی پی ڈی آئی کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ خصوصی افراد کو مرکزی دھارے میں شامل کرنے کیلئے کئی ایک اقدامات کیے جارہے ہیں تاہم وہ وعدہ کرتے ہیں کہ سیمینا رمیں اجاگر کیے گئے مسائل کے حل اور ان میں بہتری لانے کیلئے وہ وزیر اعلیٰ سے بات کریں گے۔

Trackbacks/Pingbacks

  1.  حکومت معذور افراد کی فلاح و بہبود کیلئے فوری طور پر ٹھوس اقدامات کرے | CPDI

Comments are closed.