|

وقتِ اشاعت :   May 22 – 2021

کوئٹہ: وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان نے پاکستان اور چین کے مابین سفارتی تعلقات قائم ہونے کے 70 برس مکمل ہونے پر چینی کی حکومت اور عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاک چین لازوال دوستی خطے میں امن و استحکام کی ضامن ہے۔

ہم چین کے ساتھ دوستی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ انہوں اس موقع پر اپنے ایک پیغام میں کہا کہ چین کی پاکستان اور خصوصاً بلوچستان میں سرمایہ کاری خوش آئند ہے۔ موجودہ حکومت بلوچستان میں سی پیک کے زیادہ سے زیادہ منصوبے شروع کرانے اور خاص طور سے انہیں مقامی آبادی کے لیے مفید بنانے کے لیے کوشاں ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس میں شبہ نہیں کہ سی پیک خطے میں گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہے اس بڑے ترقیاتی منصوبے میں بلوچستان اور خاص طور سے گوادر کو بنیادی کردار حاصل ہے۔ وزیراعلی نے کہا کہ چین کی جانب سے عالمی وباء کرونا وائرس کے خلاف ویکسین کی فراہمی سے پاکستان میں قیمتی جانوں کو بچایا گیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاک چین دوستی آئندہ بھی ایسے ہی قائم و دائم رہے گی۔