|

وقتِ اشاعت :   June 15 – 2021

کوئٹہ: سابق وزیراعلی بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری کی اپنے سیاسی و قبائلی ہم خیال رفقا سے مشاورتی اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں جنرل ر عبدالقادر بلوچ سمیت دیگر سیاسی قبائلی شخصیات نے شرکت کی، اجلاس میں ملک کے سیاسی جماعتوں میں شمولیت کے حوالے سے مشاورت کی گئی،  نواب ثنا اللہ زہری کے سیاسی و قبائلی رفقاء  نے پیپلزپارٹی میں شمولیت کی حمایت کردی  باقاعدہ شمولیت آئندہ چند روز میں مرکزی قیادت کیساتھ کنونشن میں کیا جائیگا جبکہ جنرل ر عبدالقادر نے مختلف سیاسی جماعتوں میں شمولیت کے حوالے سے شرکا سے رائے طلب کی

، نواب ثنااللہ زہری نے ویڈیو لنک پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئےکہنا تھا کہ لوگ ڈرائنگ روم میں فیصلے کرتے ہیں، ہم عوامی لوگ ہیں اپنے لوگوں کو اہمیت دیتے ہیں مشاورت کرکے فیصلے کرتے ہیں، نواب ثنا اللہ زہری نے کہا کہ آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو کادعوت دینے پر مشکور ہوں، نواز شریف نے ہمیں دھوکہ دیا، پیپلزپارٹی اسی دن سے رابطے میں تھی، 

نواز شریف کے فطرت میں وفا کرنا نہیں، نواب ثنا اللہ زہری کا کہنا تھا کہ نواز شریف اور اس کی بیٹی کو بہت عزت دی،  آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو سے یہی امید ہے کہ وہ ہمیشہ کی طرح آگے بھی عزت دیں گے، نواب ثنااللہ زہری نے کہا کہ ہم اپنی جماعت بنانے کا سوچ رہے تھے، ہم اپنی سیاسی جماعت بنانے کی بھی صلاحیت رکھتے ہیں، جنرل ر عبدالقادر بلوچ کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی نے ہمیں  شمولیت کی دعوت دی ہے، زرداری صاحب کو کہا عزت کریں گے اپنی بے عزتی برداشت نہیں کریں گے،

ہمین غیر مشروط طور پر شامل ہونے کا کہا ہے مگر پوزیشن چاہتے ہیں ، عبدالقادربلوچ کا کہنا تھا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ایٹم بنایا، متفقہ آئین بنایا جبکہ ہندوستان سے 5 ہزار مربع میل زمین واپس لی، جمہوریت کیلئے ذوالفقار علی بھٹو پھانسی چڑھے، بی بی نے میثاق جمہوریت کیا، جنرل عبدالقادر بلوچ نے کہا کہ تحریک انصاف عجیب وعدے کرکے ناکام ہوگئی ہے،

مہنگائی بیروزگاری تحریک انصاف کے کنٹرول میں نہیں آنے والی، میرا نہیں خیال کہ تحریک انصاف میں شامل ہونا چاہئے، جنرل عبدالقادر بلوچ کا کہنا تھا کہ ایک آپشن ن لیگ میں دوبارہ  شمولیت کا ہے، ن لیگ وہ جماعت ہے جس نے ہمارے خواتین کی بے عزتی کی، دس ماہ ہوگئے پارٹی چھوڑنے کے بعد کسی نے پوچھنے کی زحمت نہیں کی، عبدالقادر بلوچ نے کہا کہ باپ پارٹی میں جانے اور چیف ایگزیکٹیو بننے کی آفر تھی رد کردیا۔