|

وقتِ اشاعت :   February 27 – 2022

 لاہور:پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) سیزن 7 کے فائنل میچ میں لاہور قلندرز نے ملتان سلطان کو 42 رنز سے شکست دے کر پہلی بار پی ایس ایل کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔

ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 کے فائنل میں لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 180 رنز بنائے اور ملتان سلطانز کو جیت کے لیے 181 رنز کا ہدف دیا، اننگز کے آخر پانچ اوورز میں ہیری بروک اور ڈیوڈ ویز نے دھواں دھار بیٹنگ کر کے اسکور بورڈ پر بڑا مجموعہ سجایا۔

ملتان سلطانز کی اننگزہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز کی اننگز کا آغاز مایوس کن رہا، شان مسعود 19 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے اور کپتان محمد رضوان کو محمد حفیظ نے چلتا کیا، عامر عظمت 6 اور آصف آفریدی صرف ایک رن بنا کر پویلین لوٹ گئے، رلی روسو 15 رنز کے انفرادی اسکور پر حفیظ کی بال پر اسد شفیق کو کیچ دے بیٹھے، ٹم ڈیوڈ بھی 17 گیندوں پر 27 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔ بعد ازاں سلطانز کے خوش دل شاہ 33 رنز اور ڈیوڈ ویلے بغیر کھاتہ کھولے کلین بولڈ ہوئے۔