پشاور: تحریک انصاف کی قیادت نے کل ہر صورت اسلام آباد کی جانب مارچ کرنے اور ڈی چوک میں دھرنے کا اعلان کردیا۔
سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم کہتے ہیں تمام رکاوٹیں توڑ کر ڈی چوک پہنچیں گے۔
وزیر اعلی ہاؤس پشاور میں تحریک انصاف کے بڑوں کا اجلاس چیئرمین بیرسٹر گوہر کی صدارت میں ہوا جس میں وزیراعلٰی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور، سابق صدر عارف علوی، شبلی فراز، سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم اور دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔
اجلاس میں کل کے احتجاج کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لیا گیا اور اسلام آباد مارچ کا حتمی فیصلہ کیا گیا۔ پی ٹی آئی کے بڑوں نے فیصلہ کیا کہ احتجاج ہر صورت ہوگا، ڈی چوک پر دھرنا ہوگا، تمام رکاوٹیں پار کرکے منزل پر پہنچیں گے، اس بار واپسی نہیں ہوگی۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ بوکھلاہٹ میں وفاقی و پنجاب حکومت موٹروے اور شاہراہیں بند نہ کرے، تحریک انصاف کے احتجاج سے حکومت کی کانپیں ٹانگ رہی ہیں، حکومت نے ملک بند کرکے ہمارا احتجاج خود ہی کامیاب بنادیا ہے، ہمارا احتجاج پرامن ہوگا، حکومت ملک بلاک کرکے عوام کو تکلیف دے رہی ہے، بانی پی ٹی آئی کی ایک کال سے حکومت کے اوسان خطاہوگئے ہیں۔
مرکزی سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم کا کہنا ہے کہ آئین پُرامن احتجاج کا حق دیتا ہے، کسی صورت سرنڈر نہیں کریں گے، 24 نومبر کو پوری قوم سڑکوں پر ہوگی۔
شیخ وقاص اکرم کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی پولیٹیکل کمیٹی کا ہنگامی اجلاس ہوا، جس میں اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ بانی چیئرمین کی ہدایت کے مطابق ہماری پُرامن احتجاجی تحریک کا آغاز 24 نومبر کو ہر شہر سے ہوگا اور قافلے اسلام آباد کی طرف اپنے سفر کا آغاز کرینگے۔
اجلاس میں اس بات کا بھی اعادہ کیا گیا کہ یہ تحریک اس وقت تک جاری رہے گی جب تک اس کے اہداف حاصل نہیں کر لئے جاتے۔
Leave a Reply