|

وقتِ اشاعت :   2 hours پہلے

کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) کی پیش رفت سے متعلق ایک اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبائی وزراء میر سلیم خان کھوسہ اور میر صادق عمرانی نے خصوصی شرکت کی۔ اجلاس میں چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان سمیت تمام محکموں کے سیکرٹریز اور اعلیٰ حکام بھی شریک ہوئے۔

اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ بلوچستان کے 1100 تعلیمی اداروں میں فائبر آپٹیکل انٹرنیٹ کی فراہمی کا منصوبہ تیزی سے جاری ہے اور اسے آئندہ چھ ماہ کے اندر مکمل کر لیا جائے گا۔ مزید بتایا گیا کہ آئندہ مرحلے میں صوبے کے تمام تعلیمی اداروں، اسپتالوں اور سرکاری دفاتر کو بھی فائبر آپٹیکل نیٹ ورک سے منسلک کیا جائے گا۔

اجلاس کو یہ بھی آگاہ کیا گیا کہ انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت نوجوانوں کو تربیت دینے کا آغاز کر دیا گیا ہے اور اس پروگرام کے ذریعے 60 ہزار نوجوانوں کو روزگار سے جوڑا جائے گا۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان نے پیپلز ٹرین سروس منصوبے کے لیے فنڈز کے اجراء میں تاخیر پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ منصوبے کو جلد مکمل کر کے عوام کو جدید اور محفوظ سفری سہولیات فراہم کی جائیں۔

اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ عوامی مسائل کی شنوائی اور فوری حل کے لیے تحصیل سطح سے صوبائی سطح تک مؤثر شکایت سیل قائم کیے جا رہے ہیں جبکہ وزیر اعلیٰ بلوچستان خود عوامی شکایات کے ازالے کے عمل کی نگرانی کریں گے۔

وزیر اعلیٰ نے گڈ گورننس اور سروس ڈلیوری بہتر بنانے کے لیے تمام محکموں کو اصلاحاتی اقدامات تیز کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے نئے ڈویژن اور اضلاع سمیت دور دراز علاقوں میں تعینات انتظامی افسران کے لیے پری فیبریکیٹڈ دفاتر اور رہائش کے انتظامات جلد مکمل کرنے کا حکم بھی دیا۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ صوبے کی تمام یونین کونسلز میں صاف پینے کے پانی کی فراہمی کے منصوبوں پر کام تیز کر دیا گیا ہے جبکہ میونسپل سروسز کی بہتری کے لیے 95 میونسپل کمیٹیوں کو جدید مشینری 30 جون تک فراہم کر دی جائے گی۔

بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ بلوچستان کے چار ہزار سنگل روم اسکولوں میں دو اضافی کمروں کی تعمیر کا منصوبہ جاری ہے اور اس پر کام تیز کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ گزشتہ ایک سال کے دوران اسکول سے باہر ایک لاکھ بچوں کو تعلیمی اداروں میں داخل کیا گیا ہے۔

اجلاس کو یہ بھی آگاہ کیا گیا کہ صوبے میں پوست کی غیر قانونی فصلوں کے خاتمے کے لیے آپریشن میں تیزی لائی جا رہی ہے اور ملوث عناصر کے خلاف کارروائی جاری ہے۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت، رفتار اور معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی فلاح و بہبود اور بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور تمام محکمے ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنائیں تاکہ عوام کو جلد ان کے ثمرات مل سکیں۔

 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *