|

وقتِ اشاعت :   6 hours پہلے

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے تحریک انصاف کے احتجاج کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ پنجاب کی بیٹی ہیں، جانتی ہیں کہ پنجاب کے عوام کو کیسے اس فتنے سے محفوظ رکھنا ہے، انہيں ان کے مذموم مقاصد میں ناکامی ہوگی۔

مریم نواز نے کہا کہ  یہ لوگ 9 مئی کو پاکستان پرحملہ کرچکے ہیں، وزیراعظم شہباز شریف جانتے ہیں پاکستان کی حفاظت کیسے کرنی ہے۔

انہوں نےبشری بی بی کے ویڈیو بیان پر کہا کہ ملک پر اندرونی حملے بھی ہو رہے ہیں، کل ایک نئی ویڈیو آئی دیکھ کرحیرانی ہوئی، ایک خاتون جس کا سیاست سے تعلق نہیں اس نے پاکستان کے دوست ملک پرحملہ کیا، سعودی عرب نے ہر کٹھن وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پہلے کہا گیا کہ امریکا نے ان کو نکال دیا آج ان کے جلسوں میں امریکا کے جھنڈے لہرائے جاتے ہیں، دشمن انتظارمیں بیٹھے تھے کہ پاکستان ڈیفالٹ کر جائے، دوستوں کو ناراض کیا گیا ملکوں میں دوریاں پیدا کی گئیں۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت وفاق اور پنجاب پر حملہ کر رہی ہے، ایک صوبہ دوسرے صوبے پر حملہ آور ہو رہا ہے، یہ جو ہو رہا ہے میری سمجھ سے باہر ہے۔ پولیس کو سختی سے منع کردیا کہ خیبرپختونخوا کے عوام پر گولی نہیں چلانی۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ جب بھی ملک میں ترقی آتی ہے ن لیگ کی حکومت ہوتی ہے، کچھی کینال کی بحالی کے منصوبے سے خوشی ہوئی ہے، وزیراعظم شہبازشریف کے دور حکومت میں منصوبہ پایہ تکمیل تک پہنچا، کچھی کینال کے پانی سے بلوچستان کی زمینیں آباد ہوں گی اور خوشحالی آئے گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ وزیراعظم صبح 6 بجے اٹھ کر کام شروع کرتے ہیں، شہبازشریف جس چیز کی تعمیر نو کر رہے ہیں آج بھی اس پر حملے کیے جا رہے ہیں، وزیراعظم شہباز شریف چاروں صوبوں کو ساتھ لے کر چل رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مہنگائی کم ہوئی ہے عوام کو سہولت ملی ہے، ہمارے پاس کوئی جادو کی چھڑی نہیں ہوتی، اللہ نے حب الوطنی کے جذبے سے سرشار کیا ہے، مہنگائی کے جن کو واپس بوتل میں بند کرنا آسان نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ لوگ بارباراحتجاج اوردھرنے کی کال پرکان نہیں دھرتے، بارباراحتجاج اور دھرنے کی کال دی جاتی ہے، ایک کے بعد ایک احتجاج اور  دھرنے کی کال ناکام ہوجاتی ہے۔

 

 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *