|

وقتِ اشاعت :   3 hours پہلے

گوادر : جامعہ گوادر میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر کی سربراہی میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں جامعہ کے تعلیمی اور انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں رجسٹرار ڈاکٹر دولت خان، کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر رحیم بخش مہر، ڈین سوشل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر جان محمد، ڈین فیکلٹی آف سائنسز ڈاکٹر محب اللہ، مختلف تدریسی شعبہ جات کے سربراہان اور انتظامی شعبوں کے ذمہ داران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران وائس چانسلر نے شرکاء کو ملک میں جاری ہنگامی حالات کے تناظر میں وزیراعظم پاکستان کی جانب سے جاری کردہ احکامات اور ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان اور محکمہ ہائر ایجوکیشن بلوچستان کی جانب سے ہدایات کی روشنی میں شرکاء کو جامعہ کی پالیسی سے متعلق آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ ہنگامی حالات کے پیش نظر ضروری ہے کہ تعلیمی سرگرمیوں آن لائن جاری رکھنے کے جدید ذرائع اور متبادل طریقہ کار کو اختیار کیا جائے تاکہ طلبہ کی تدریسی سرگرمیاں متاثر نہ ہوں ۔


اس موقع پر اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے ہدایات کے مطابق جامعہ گوادر میں جاری تمام تدریسی کلاسز کو فوری طور پر آن لائن منتقل کیا جائے گا۔ اس اقدام کا مقصد طلبہ کو تعلیمی سرگرمیوں سے مسلسل منسلک رکھنا اور موجودہ حالات کے مطابق احتیاطی تدابیر کو یقینی بنانا ہے۔ اس کے علاوہ اساتذہ اور انتظامی عملے کے لیے بھی ایک متوازن نظام کار اپنانے پر اتفاق کیا گیا جس کے تحت پچاس فیصد عملہ گھر سے آن لائن فرائض سرانجام دے گا جبکہ باقی عملہ یونیورسٹی میں رہ کر ضروری ذمہ داریاں نبھائےگا۔ اجلاس میں یونیورسٹی کے مالی امور کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا اور موجودہ ہنگامی حالات کے پیش نظر ادارے کے اخراجات میں ضروری کمی لانے کے لیے متعدد اہم فیصلے کیے گئے۔

 

شرکاء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ یونیورسٹی کے روزمرہ اخراجات میں ضروری کمی کی جائے گی تاکہ مالی وسائل کو بہتر اور مؤثر انداز میں استعمال کیا جا سکے۔ اسی طرح ایندھن کے استعمال میں کمی لانے کے لیے بھی اہم اقدامات کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ یونیورسٹی کی گاڑیوں کے ایندھن کے اخراجات میں پچاس فیصد تک کمی کی جائے گی جبکہ یونیورسٹی کی مجموعی گاڑیوں میں سے نصف گاڑیوں کو عارضی طور پر بند رکھنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ انتظامیہ کے مطابق ان اقدامات کا مقصد وسائل کے ضیاع کو روکنا اور ادارے کے مالی نظم و ضبط کو مزید مضبوط بنانا ہے۔ اجلاس میں جامعہ گوادر کے پہلے کانووکیشن 2026 کے انعقاد کے حوالے سے بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

 

اس سلسلے میں گورنر بلوچستان اور چانسلر جامعہ گوادر کی ہدایات کی روشنی میں عیدالفطر کے بعد جامعہ گوادر کا پہلا کانووکیشن منعقد کرنے کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں کانووکیشن کے کنوینر اور کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر رحیم مہر نے شرکا کو بتایا کہ جامعہ گوادر کے پہلے کانووکیشن کو تاریخی اور یادگار بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے تاکہ یہ تقریب گوادر کے عوام، طلبہ، اساتذہ اور جامعہ کے لیے ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوا۔ اجلاس کے اختتام پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ جامعہ کے اساتذہ اور انتظامی عملہ باہمی تعاون اور ذمہ داری کے ساتھ ادارے کی ترقی اور تعلیمی معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مشترکہ کاوشوں اور دانشمندانہ فیصلوں کے ذریعے ہی جامعہ کو ترقی کی راہ پر گامزن رکھا جاسکتا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *