|

وقتِ اشاعت :   March 8 – 2017

کوئٹہ : بلوچستان اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے ریونیو ،ایکسائز اینڈ ٹیکسشن کے چیئرمین میر عامر خان رند نے کوئٹہ اور گوادر سمیت بلوچستان میں اربوں روپے کی سرکاری اراضی کی غیر قانونی الاٹمنٹ وفروخت کا نوٹس لیتے ہوئے قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں سابق چیف سیکرٹری اور حال ہی میں ریٹائرڈ ہونے والے سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو سمیت متعلقہ حکام کو طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے ،چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے ریونیو میرعامرخان رند نے کہا کہ ایس ایم بی آر کی ریٹائرمنٹ سے محض چند روز قبل اربوں روپے کی سرکاری اراضی کی خلاف ضابطہ فروخت والاٹمنٹ ایک سنجیدہ نوعیت کا کیس ہے اور بادی النظر میں یہ بدعنوانی بلوچستان میگا کرپشن کیس سے بھی بڑی نوعیت کا مقدمہ لگتا ہے قائمہ کمیٹی نے اس کیس کی تہہ تک پہنچنے اور حقائق سے عوام کوآگاہ کرنے کا اصولی فیصلہ کرلیا ہے اس ضمن میں قائمہ کمیٹی کے اجلاس کے انعقاد کے لیے کارروائی جاری ہے جس میں سابق چیف سیکرٹری اور ریٹائرڈ ایس ایم بی آر کو طلب کرکے ان کے بیانات ریکارڈ کا حصہ بنائے جائیں گے جس کی روشنی میں مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ اتنی بڑی واردات میں سابق چیف سیکریٹری کی خاموشی یا پھر لاعملی کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا ،میر عامر رند نے کہا کہ اجلاس میں شرکت کو یقینی بنانے کے لیے سابق چیف سیکرٹری ریٹائرڈ ایس ایم بی آر اورمتعلقہ ریونیو حکام کو مراسلہ جات بھجوائے جارہے ہیں۔