|

وقتِ اشاعت :   November 21 – 2017

اسلام آباد : پاکستان اور چین کے اعلٰی حکام نے چین،پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے حوالے سے جاری مختلف منصوبوں پر ہونے والے کام کا جائزہ لیا اور ان کو مکمل کرنے کے لئے اگلے تیرہ سال کے لئے ایک پلان پر بحث کرکے آج (منگل کو ) دونوں ممالک کی مشترکہ تعاون کمیٹی کے ہونے والے اجلاس کے لئے ایجنڈا بھی فائنل کیا۔

ُپاکستان اور چین کے درمیان سی پیک کے تحت توانائی اور سڑکوں کی تعمیر کے منصوبوں پر کام ہو رہا ہے۔ اور انہی منصوبوں کو جاری رکھنے اور دونوں ممالک کے درمیان مذید تعاون کو بہتر کرنے کے لئے ایک تیرہ سالہ پروگرام بنایا گیا ہے، جس کا دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ تعاون کمیٹی کے ساتویں اجلا س میں جائزہ لیا جائے گا۔

جو منگل کو ہو گا جس میں پاکستان کی طرف سے پلاننگ کمیشن کے وزیر احسن اقبال اور چین کی طرف سے نیشنل ڈویلپمنٹ اور ریفارمز کمیشن کے وائس چیئرمین وانگ ژیاٹو اپنے اپنے وفد کے دوسرے ارکان کے ساتھ شرکت کریں گے۔

آج کے اعلٰی حکام کے اجلاس میں پلاننگ کمیشن کے سیکرٹری شعیب صدیقی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کے کئی دہائیوں کے مضبوط تعلقات کی وجہ سے سی پیک کے منصوبوں کے ذریعے دونوں ممالک میں تعاون اور مضبوط ہو رہا ہے۔ 

انہوں نے کہا کی جے سی سی ایک اہم پلیٹ فارم ہے، جس کے ذریعے اگلے تیرہ سال کے لئے سی پیک کے تحت منصوبوں کو فائینل شکل دی جائے گی اور اس کی مدد سے توانائی ، سڑکیں، پل، ریلوے اور اقتصادی زون بنانے کے منصوبوں کو فائنل کیا جائے گا۔ 

انہوں نے کہا کہ سی پیک کے منصوبوں کی وجہ سے دونوں ممالک کے لوگ مذید قریب آئے ہیں۔ اور اس سے دونوں ممالک ، اور خاص طور پر پاکستان کے عوام کو فائدہ ہو گا۔ اور پاکستان میں خوشحالی آئے گی۔او ر ان منصوبوں کے مکمل ہونے کے بعد پاکستان میں ترقی کا عمل بھی تیز ہو گا، اور لوگوں کو ایک اچھی زندگی گزارنے کے لئے تمام سہولتیں بھی میسر ہونگی۔ 

انہوں نے کہا پاکستان کی حکومت اور عوام سی پیک کے تحت تمام منصوبو ں کو وقت پر مکمل کرنے کے لئے کوشاں ہیں ۔ اور اس سلسلے میں چین کے ساتھ مکمل تعاون بھی کررہے ہیں۔ اور آئندہ بھی کریں گے ادھرچین نے کہا ہے کہ سی پیک تعاون کے مختلف شعبوں میں چین اور پاکستان کی طرف سے قائم کردہ ایک نئے قسم کے تعاون کا فریم ورک ہے جس میں چین اور پاکستان کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعاون کی طویل مدتی ترقی بھی شامل ہے ۔

پیر کو یہ بات چینی وزارت خارجہ کے ترجمان لو کانگ نے معمول کی نیوز بریفنگ کے دوران کہی ۔سی پیک کے حوالے سے ایک نیوز رپورٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہاکہ کوریڈور کی تعمیر صرف چین اور پاکستان کی مشترکہ ترقی کو فروغ دینے کیلئے اہمیت کی حامل نہیں بلکہ یہ علاقائی رابطے اور عام خوشحالی کو بھی فروغ دینے کیلئے بھی سازگار ہے ۔ 

ہمیں امید ہے کہ کوریڈور کی تعمیر اس علاقے اور بین الاقوامی برادری کے ممالک کی طرف سے زیادہ وسیع پیمانے پر تسلیم شدہ اور معاون ثابت ہوسکتی ہے۔

ترجمان نے کہاکہ چین پاکستان کے ساتھ دونوں ممالک کے درمیان اقتصاد ی رہداری کی تعمیر اور اقتصادی اور تجارتی تعاون کے تحفظ کے حوالے سے پراعتما دہے ۔