کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)آل بلوچستان پیٹرولیم ایسوسی ایشن کی اپیل پر کسٹم حکام کے مبینہ نارا رویے کے خلاف صوبے بھر میں پیٹرول پمپس دوسرے روز بھی بند رہے ۔پٹرول پمپس کی دوسرے روز بندش کے باعث عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور ان کے روز مرہ کے کام بری طرح متاثرہوئے ہیں ۔ان کا مطالبہ ہے کہ ڈیلرز اپنا فیصلہ واپس لیں تاکہ انکی مشکلات کم ہو سکیں۔ آل بلوچستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے صدر حاجی دلیر خان کے مطابق کسٹم کوئٹہ کے اہلکاروں نے دو روز قبل رات زرغون روڈ اور ریگل پلازہ کے قریب دو پیٹرول پمپوں میں داخل ہو کر ملازموں کو زدو کوب کیاکسٹم کی جانب سے دونوں پیٹرول پمپس پر غیر قانونی پروڈکٹ فروخت کرنے کا الزام لگایا تھا۔ واقعہ کے خلاف آل بلوچستان پیٹرولیم ایسوسی ایشن کی جانب سے احتجاجا کوئٹہ سمیت صوبے بھر دو سو سے زائد پیٹرول پمپس غیر معینہ مدت تک کے لئے بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔