|

وقتِ اشاعت :   December 3 – 2013

121004145942_saeed-ajmalلند ن (آزادی نیوز)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے ٹیسٹ اور ایک روزہ ٹیموں کا اعلان کیا ہے جس میں پاکستانی سپن باؤلر سعید اجمل کے علاوہ کوئی اور پاکستانی کھلاڑی شامل نہیں ہے۔ آئی سی سی ہر سال کرکٹ کھیلنے والے ممالک کے کھلاڑیوں میں سے ٹیسٹ ٹیم اور ایک روزہ ٹیم کا اعلان کرتی ہے۔ اس سال ایلسٹر کْک کو ٹیسٹ ٹیم کا کپتان جب کہ بھارت کے ایم ایس دھونی کو ایک روزہ ٹیم کا کپتان چنا گیا ہے۔ جنوبی افریقہ کے فاسٹ باؤلر ڈیل سٹین مسلسل چھٹی بار ٹیسٹ ٹیم کے لیے سلیکٹ کیے گئے ہیں۔ دوسری جانب دھونی کو بھی مسلسل چھٹی بار ایک روزہ ٹیم کے لیے شامل کیا گیا ہے۔ ٹیموں کی سلیکشن کے لیے سات اگست 2012 سے 25 اگست 2013 تک کی کارکردگی کو مدِنظر رکھا گیا۔ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی کے سربراہ سابق بھارتی کھلاڑی انیل کمبلے تھے جب کہ کمیٹی کے دیگر اراکین میں پاکستانی فاسٹ باؤلر وقار یونس، انگلینڈ کے سابق کپتان ایلک سٹیؤرٹ، جنوبی افریقہ کے گریم پولک اور نیوزی لینڈ کی خواتین کی کرکٹ ٹیم کی سابق کھلاڑی کیتھرین کیمپبیل شامل تھیں۔ آئی سی سی کی ٹیسٹ ٹیم میں شامل کھلاڑیوں کے نام یہ ہیں: ایلسٹر کْک (کپتان)، چیتیشور پجارا، ہاشم آملہ، مائیکل کلارک، مائیکل ہسی، اے بی ڈی ویلیئرز، مہندر سنگھ دھونی، گریم سوان، ڈیل سٹین، جیمز اینڈرسن، ورنن فلینڈر اور آر اشون۔ آئی سی سی ون ڈے ٹیم میں شامل کھلاڑیوں کے نام یہ ہیں: دلشان، شیکھر دھون، ہاشم آملہ، کمار سنگاکارا، اے بی ڈی ویلیئرز، مہندر سنگھ دھونی (کپتان)، روندرا جدیجہ، سعید اجمل، مچل سٹارک، جیمز اینڈرسن، لستھ ملنگا، مچل میک کلیناگن۔ ہاشم آملہ کو چوتھی بار مسلسل ٹیسٹ ٹیم میں شامل کیا گیا جبکہ کْک مسلسل تیسری بار سلیکٹ ہوئے ہیں۔ سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین انیل کمبلے نے کہا: ’اتنے سارے امیدواروں میں سے ٹیسٹ اور ون ڈے کی ٹیموں کے لیے کھلاڑیوں کا انتخاب کرنا ہمیشہ بڑا مشکل ہوتا ہے۔ سلیکشن کمیٹی نے ان کھلاڑیوں کی سلیکشن کے لیے بڑی بحث کی۔‘ انیل کمبلے نے مزید کہا: ’سلیکٹروں نے اعداد و شمار کا استعمال کیا لیکن اس کے علاوہ مخالف ٹیموں، پچ کی حالت، میچ اور دیگر عوامل کو بھی مدِ نظر رکھا۔ لیکن جب صرف 12 کھلاڑی سلیکٹ کرنے ہوں تو کچھ اچھے کھلاڑی رہ جاتے ہیں۔‘