برازیل (آزادی نیوز)فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا کے جنرل سیکریٹری نے برازیلی عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ فٹبال ورلڈ کپ کے دوران ملک میں مظاہرے نہ کریں۔ فٹبال کے عالمی مقابلے آئندہ برس جون میں برازیل میں منعقد ہونا ہیں۔ فیفا کے جنرل سیکریٹری جیروم والکے نے میڈ یا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ برازیل میں تعمیراتی عمل میں مشکلات کے علاوہ اخراجات کے خلاف عوامی احتجاج کے تناظر میں ان مقابلوں کا انعقاد مشکل دکھائی دے رہا ہے لیکن ان مقابلوں میں خلل ڈالنا بھی صحیح نہیں ہوگا۔ برازیل میں گزشتہ کچھ عرصے میں متعدد پرتشدد مظاہرے ہوئے ہیں اور مظاہرین ورلڈ کپ کے منتظمین کی جانب سے ان مقابلوں پر رقم ضائع کرنے کے الزامات لگاتے ہیں۔ جیروم والکے نے یہ بات ایک ایسے موقع پر کہی ہے جب برازیل کے وزیرِ کھیل نے بھی تسلیم کیا ہے کہ ان مقابلوں کے لیے زیرِ تعمیر تمام سٹیڈیمز فیفا کی دی گئی مدت میں مکمل نہیں ہو سکیں گے۔ فیفا نے عالمی کپ کے لیے سٹیڈیمز کی تیاری کے لیے رواں برس 31 دسمبر کی حتمی تاریخ مقرر کی تھی۔ \” برازیل کے وزیرِ کھیل آلڈو ریبیلو نے کہا ہے کہ ساؤ پاؤلو، کوراتیبہ، پورٹو الیگرے، کویابا، مناس اور نتال میں تعمیر ہونے والے چھ سٹیڈیم جنوری 2014 میں ہی مکمل ہوں گے۔فیفا نے رواں ہفتے ہی سٹیڈیمز کی تعمیر کی حتمی مدت میں اضافے پر اتفاق کیا ہے۔ تنظیم کے صدر سیپ بلیٹر کا کہنا تھا کہ سٹیڈیمز کی تیاریوں میں اس قدر معمولی مسائل ہیں کہ اب ہم ’اپنی آنکھیں بند کر سکتے ہیں۔‘2014 کے فٹبال ورلڈ کا آغاز بارہ جون کو ساؤ پاؤلو کے ایرینا کورنتھیئنز سے ہونا ہے۔ یہی وہ سٹیڈیم ہے جہاں گزشتہ ماہ ایک تعمیراتی کرین گرنے سے دو افراد مارے گئے تھے۔خیال رہے کہ رواں ہفتے ہی فیفا نے کہا تھا کہ برازیل میں فٹبال کے عالمی کپ کے لیے تین سٹیڈیم وقت پر تیار نہیں ہو سکیں گے تاہم اب برازیلی وزیر نے یہ تعداد بڑھا کر چھ کر دی ہے۔بدھ کو ایک بیان میں برازیلی وزیر نے کہا کہ ’تاخیر ہو رہی ہے لیکن یہ قابلِ ذکر نہیں۔ اصل بات یہ ہے کہ ہم جنوری میں تیار ہوں گے۔‘ انھوں نے ورلڈ کپ کے لیے تیاریوں کو شادی کی تیاریوں سے تشبیہ دی۔ان کا کہنا تھا کہ ’میں جس شادی میں جاتا ہوں وہاں دلہن دیر سے آتی ہے۔ میں نے آج تک کسی دلہن کو وقت پر آتے نہیں دیکھا لیکن کبھی یہ بھی نہیں دیکھا کہ اس وجہ سے شادی نہ ہو پائی ہو۔‘برازیل نے فٹبال کے عالمی مقابلوں کے لیے بارہ سٹیڈیم تعمیر کیے ہیں جن میں سے چھ رواں برس جون کے کنفیڈریشن کپ مقابلوں سے قبل تیار ہو گئے تھے۔