|

وقتِ اشاعت :   December 6 – 2013

national partyکوئٹہ ( این این آئی) نیشنل پارٹی کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری ٹکری شفقت لانگو نے کہا ہے کہ نیشنل پارٹی تعصب سے بالاتر ہوکر عوام کی خدمت پریقین رکھتی ہے پشتون اور بلوچ کو متحدہوکر اپنے حقوق کیلئے آواز بلند کرنا ہوگی نیشنل پارٹی بلدیاتی انتخابات میں عوام کے ووٹوں کی طاقت سے بھر پور کامیابی حاصل کریگی۔ یہ بات انہوں نے کچلاک کلی کیتروارڈ 8سے بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے والے نیشنل پارٹی کے امیدوارعبدالصبیر کاسی اور علاقے کے معززین کے اعزاز میں پارٹی کے سینئر رہنما ملک سمندر خان کاسی کی جانب سے دی گئے عصرانے سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تقریب سے ملک سمندرخان کاسی ایڈووکیٹ، نیشنل پارٹی ضلع کوئٹہ کے صدر نیاز بلوچ ، کچلاک کلی کتیر وارڈ8سے امیدوار عبدالبصیر کاسی ، ضلعی سینئر نائب صدر اسداللہ افغان ، تحصیل کوئٹہ کے صدر محمد حنیف کاکڑ نے بھی خطاب کیا۔ ٹکری شفقت لانگو نے کہا کہ بعض مفاد پرست عناصر نے پشتون اور بلوچ اقوام کے درمیان نفرتوں کے بیج بوکر اپنے مفادات اور اقتدارحاصل کیا پشتون اور بلوچوں نے ایک دوسرے کے حقوق پر ڈاکہ نہیں ڈالا بلکہ اصل میں اسلام آباد والے ہمارے حقوق پر ڈاکہ ڈال رہے ہیں ہمیں متحد ہوکر اپنے حقوق کیلئے جدوجہدکرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی صرف بلوچوں کی جماعت نہیں ہے بلکہ اس میں بلوچ ،پشتون سمیت ہر اقوام کے لوگ شامل ہیں نیشنل پارٹی عوام کی بلا رنگ ونسل خدمت پر یقین رکھتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ نے برسراقتدار آکر تعلیم کے بجٹ کو2سے بڑھاکر 24فیصد کردیا جس سے صوبے میں تعلیم کے فروغ میں مددملے گی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں سپریم کورٹ کے حکم پر ہونے والے بلدیاتی انتخابات جماعتی بنیادوں پر ہورہے ہیں جس میں صوبے کی تمام سیاسی جماعتیں بھر پور حصہ لے رہی ہیں حکومت نے انتخابات کو صاف و شفاف بنانے کیلئے بھر پور اقدامات اٹھائے ہیں عوام 7دسمبر کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں نیشنل پارٹی کے امیدواروں کو کامیاب بنائیں تاکہ وہ منتخب ہوکر صوبائی حکومت کے ساتھ ملکر عوام کی خدمت کرسکیں۔ نیشنل پارٹی کے سینئر رہنما ملک سمندر خان کاسی اور ضلع کوئٹہ کے صدر نیاز بلوچ نے کہا کہ نیشنل پارٹی بلدیاتی انتخابات میں کم وقت ملنے کے باوجود بھی بھر پور حصہ لے رہی ہے اورانشاء اللہ انتخابات میں عوام کی طاقت سے بھر پور کامیابی حاصل کریگی۔انہوں نے کہا کہ عوام نے عام انتخابات میں بھی نیشنل پارٹی کے امیدواروں پربھر پور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہیں کامیاب بنایا انشاء اللہ7دسمبر کوبھی عوام نیشنل پارٹی کے امیدواروں کو بلدیاتی انتخابات میں بھر پور کامیابی دلائیں گے ۔