|

وقتِ اشاعت :   December 6 – 2013

barbarکوئٹہ( خ ن ) : چیف سیکرٹری بلوچستان بابر یعقوب فتح محمد نے کہا ہے کہ گوادر بندرگاہ بلوچستان اور پاکستان کیلئے ایک عظیم اثاثہ ہے جو ملک اور صوبے کے معاشی استحکام میں اہم کردار ادا کرے گی۔ صوبائی حکومت بندرگاہ کی مکمل فعالیت میں اپنے حصے کا کردار ادا کرے گی ان خیالات کا اظہار انہوں نے چےئرمین گوادر پورٹ اتھارٹی دوستین جمالدینی سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ جنہوں نے جمعہ کے روز یہاں ان سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران گوادر بندرگاہ سے متعلق امور اور بندرگاہ کی فعالیت کیلئے صوبائی حکومت کے کردار کا جائزہ لیاگیا۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ چےئرمین گوادر پورٹ اتھارٹی کے عہدے پر مستقل بنیادوں پر بلوچستان کے افسر کی تعیناتی پورٹ کی فعالیت کے حوالے ے اہم پیشرفت ہے جس کے بہتر نتائج سامنے آئیں گے اور گوادر بندرگاہ بلوچستان کی حقیقی ترقی کے تصور کو حقیقت میں ڈھالنے کی بنیاد بنے گی۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ گوادر کو دیگر صوبوں ، ہمسائیہ ممالک اور بالخصوص چین سے بذریعہ روڈ اور ریل منسلک کرنے کے منصوبوں کی تکمیل اور گوادر میں ایکسپورٹ پروموشن زون کے قیام سمیت بندرگاہ کیلئے درکار دیگر ضرورتوں کو پورا کرنے کیلئے وفاقی حکومت سے روابط کو مزید موثر بنایا جائے گا اور اس حوالے سے صوبائی حکومت بھی اپنی ذمہ داریوں اور کردار کی ادائیگی کو یقینی بنائے گی۔