خضدار(نامہ نگار) نیشنل پارٹی اور جمعیت علماء اسلام کے مابین بلدیاتی اتحاد، میونسپل کارپوریشن خضدار کی میئرشپ نیشنل پارٹی اور وائس میئر شپ جمعیت علماء اسلام کے حصے میں آئے گی جبکہ ضلعی سطح پر ضلعی چیئرمین اور وائس چیئرمین نیشنل پارٹی کے ہی ہونگے جے یو آئی اور نیشنل پارٹی کے عہدیداروں کے مابین اتحاد کا فیصلہ اور پریس کانفرنس، تفصیلات کے مطابق جمعیت علماء اسلام کے صوبائی رہنماء سابق صوبائی وزیر مولانا فیض محمد، مفتی عبدالقادر شاہوانی، مولانا عنایت اللہ رودینی اور نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء میر عبدالرحیم کرد، ڈپٹی آرگنائزر رئیس علی احمد، رئیس بشیر احمد مینگل، اعجاز بخش ودیگر نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جمعیت علماء اسلام اور نیشنل پارٹی کے درمیان ہونے والے اتحاد کا مقصد اقتدار کا حصول نہیں بلکہ عوام کے مشترکہ مفادات کو مد نظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے اس سلسلے میں دیگر جماعتوں سے بھی اتحاد کو وسعت دینے کیلئے بات چیت ہوگی تاکہ خضدار کے عوام کے وسیع تر مفاد میں ایک منظم اتحاد قائم ہو انہوں نے کہا کہ خضدار شہر اور دیہی علاقوں میں عوام کو درپیش مشکلات حل کرنے، امن وامان کی بدتر صورتحال میں بہتری لانے، بنیادی ضروریات کی فراہمی، تعلیم، صحت ، ذرائع مواصلات ہماری ترجیحات میں شامل ہونگے ہم بلا رنگ ونسل عوام کی خدمت پر یقین رکھتے ہیں کیونکہ ہمیں عوام نے ہی ووٹ دیکر خدمت کا موقع فراہم کیا عوام نے اپنے ووٹ ہی کے ذریعے ہم پر جو ذمہ داری ڈالی ہے ہماری کوشش ہوگی کہ ان کی توقعات پوری ہوں دونوں جماعتوں کے رہنماؤں نے کہا کہ خضدار میں پرامن انتخابات کا انعقادتمام جماعتوں اور یہاں کے رہنے والے شہریوں کی جانب سے شہر کیلئے ایک نیک شگون ہے۔