اسلام آباد (آئی این پی) سپریم کورٹ نے آئی جی ایف سی توہین عدالت کیس میں آئی جی میجر جنرل اعجاز شاہد کا طبی اور چھٹی کا ریکارڈ (آج )پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے آئی جی ایف سی ان کمانڈ کو عدالت میں پیش ہونے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ آئی جی ایف سی کا چارج سیکنڈ کمانڈرآفیسر کو دینے کے حوالے سے جاری کردہ نوٹی فکیشن بھی عدالت میں پیش کیا جائے ۔ چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں جسٹس جواد ایس خواجہ اور جسٹس امیر ہانی پر مشتمل 3رکنی بینچ نے مقدمے کی سماعت کی تو ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ امتیاز عدالت میں پیش ہوئے تو ریکارڈ نہ لانے پر عدالت نے ان کو سخت سرزنش کی ۔ عدالت نے آئی جی ایف سی بلوچستان کا چارج سیکنڈ افسر کو دیئے جانے کے حوالے سے نوٹی فکیشن طلب کرتے ہوئے کہا کہ عدالتی احکامات کا مذاق اڑانے کی اجازت کسی کو نہیں دی جا سکتی۔ ایڈیشنل سیکرٹری دفاع نے عدالت کے استفسار پر بتایا کہ آئی جی ایف سی 12 روز سے بغیر چھٹی کی درخواست دیئے رخصت پر ہیں۔عدالت نے کہا کہ چاہتے ہیں کہ لاپتہ افراد مل جائیں، ڈی آئی جی ایف سی بھی عدالتی احکامات پر پیش نہیں ہوئے، جو کہ عدالتی احکامات کا مذاق اڑانے کے مترادف ہے۔ بعد ازاں مقدمے کی مزید سماعت (آج) تک کے لئے ملتوی کر دی گئی۔