|

وقتِ اشاعت :   December 13 – 2013

imagesکوئٹہ(اسٹاف رپورٹر) کوئٹہ میں گیس کے باعث دم گھٹنے سے دوبھائی جاں بحق اور تیسرا بے ہوش ہوگیا ۔پولیس کے مطابق واقعہ گزشتہ شب کوئٹہ کے علاقے کلی عالمو میں واقع صلا ح الدین کے گھر کے ایک کمرے میں پیش آیا جہاں صلاح الدین کے تین بچے سردی کے باعث گیس کا ہیٹر جلتا چھوڑ کر سو گئے۔ صبح والدہ نے دروازہ کھٹکھٹایا لیکن جواب نہ ملا۔ کھڑکی توڑ کر دروازہ کھولا گیا تو پتہ چلا کہ رات کے کسی پہر آکسیجن کی کمی کے باعث دم گھٹنے سے چودہ سالہ عطاء اللہ ، دس سالہ شعیب دم گھٹ کر جاں بحق جبکہ ایک بھائی تیرہ سالہ احسان اللہ کو بیہوشی کی حالت میں سول اسپتال منتقل کیا گیا۔یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی کوئٹہ کے علاقے غوث آباد میں گیس دھماکے میں دوبچے جاں بحق اور تین زخمی ہوئے تھے ۔ کوئٹہ میں گیس کے اخراج کے باعث ہر سال حادثات میں درجنوں افراد کی اموات ہوتی ہیں۔