|

وقتِ اشاعت :   December 14 – 2013

Q10کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)مسلم لیگ ن اور نیشنل پارٹی نے خضدار میں ضلعی حکومت بنانے کے لئے اتحاد قائم کردیا۔ مسلم لیگ ن بلوچستان کے صدر نواب ثناء اللہ زہری کا کہنا ہے کہ ان کی جماعت نے صوبائی حکومت میں بہت سی قربانیاں دیں اب اتحادی جماعتیں کوئٹہ کے میئر کی نشست کے لئے قربانی دے۔ کوئٹہ میں اپنی رہائشگاہ پر نیشنل پارٹی کے رہنماء صوبائی وزیر زراعت سردار اسلم بزنجو کے ہمراہ مشترکہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے ثناء اللہ زہری کا کہنا تھا کہ اتحاد کے فیصلے کے تحت ڈسٹرکٹ کونسل خضدار کے چیئرمین کی نشست کے لئے ن لیگ جبکہ ڈپٹی چیئرمین کی نشست کے لئے نیشنل پارٹی کی حمایت کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ قلات اور دیگر علاقوں میں بھی نیشنل پارٹی کے ساتھ اتحاد کی کوشش کررہے ہیں ، جہاں ضرورت پڑی نیشنل پارٹی کو سپورٹ کریں گے۔ نواب ثناء اللہ زہری کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت بناتے وقت مسلم لیگ ن نے بہت سی قربانیاں دیں اب اتحادیوں اور دوستوں سے امید ہے کہ وہ کوئٹہ کے میئر کی نشست کے لئے مسلم لیگ ن کے لئے قربانی دیں گے۔ مسلم لیگ ن کے صوبائی صدر نے کہا کہ جس دن وہ محسوس کریں گے کہ وہ پارٹی کے ڈمی صدر ہیں تو عہدہ چھوڑیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں پرامن طو ر پر بلدیاتی انتخابات کا انعقاد بڑا کارنامہ ہے ۔اس موقع پر نیشنل پارٹی کے سردار اسلم بزنجو کا کہنا تھا کہ ہمارا اتحاد صوبائی حکومت کی سطح پر بھی ہے ، کوشش کرینگے کہ مسلم لیگ ن اور اتحادیوں کے ساتھ بلدیاتی انتخابات کے بعد ضلعی حکومتوں کے لئے بھی اتحاد قائم کریں۔ پریس کانفرنس کے دوران ایک صحافی نے مسلم لیگ ن کے صوبائی ثناء اللہ زہری سے سوال کیاکہ بلوچستان کی تین جماعتی مخلوط حکومت میں شامل آپ کی جماعت آپ کی عدم موجودگی میں حکومتی سطح پر کیوں غیر فعال ہوتی ہے ۔ جس کے جواب میں نواب ثناء اللہ زہری کا کہنا تھا کہ جب جنگل میں شیر ہوتا ہے تو داڑھتا ہے ۔پریس کانفرنس میں موجود نیشنل پارٹی کے رہنماء سردار اسلم بزنجو نے کہا کہ شیر ہر وقت نہیں داڑھتا ہے ۔ ثناء اللہ زہری نے کہا کہ جب شیر بھوکا ہوتا ہے تو داڑھتا ہے ۔