کوئٹہ (پ ر ) بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی بیان میں کہا گیا ہے کہ بلوچستان بھر میں بلدیاتی الیکشن میں دھاندلی اور بے ضابطگیوں کے باوجود پارٹی کے 247 میٹروپولیٹن ‘ ڈسٹرکٹ کونسلز ‘ میونسپل کارپوریشنز ‘ میونسپل کمیٹیاں کی نشستوں پر کامیاب قرار پائے لیکن میڈیا میں ان کی تعداد کم ظاہر کرنا مناسب اقدام نہیں پارٹی کے ہرنائی سے اغواء بلدیاتی امیدواران جن میں واحد بلوچ ‘ شربت خان مری ‘ نوشکی سے میر پسند خان ماندائی کو فوری طور پر بازیاب کرایا جائے جنہیں الیکشن میں حصہ لینے سے روکنے کیلئے اغواء کیا گیا جو قابل تشویش عمل ہے دریں اثناء پارٹی بیان میں کہا گیا ہے کہ بلوچستان میں یوٹیلیٹی سٹورز میں سینکڑوں غیور نوجوان گزشتہ کئی سالوں سے اجرتی بنیادوں پر خدمات سر انجام دے رہے ہیں انہیں فوری طور پر مستقل کیا جائے اور اسی طرح بلوچستان کے مختلف محکموں میں جو ملازمین ڈیوٹیاں سر انجام دے رہے ہیں جو کئی کئی سالوں سے ڈیلی ویجز پر ہیں انہیں بھی مستقل کیا جائے بلوچستان میں صنعتیں نہ ہونے کے برابر اور زرعی شعبہ پسماندگی اوربدحالی کا شکار ہے جس کی وجہ سے لوگوں کا جھکاؤ نوکریوں کی جانب ہے اس لئے لوگوں کی پریشانیوں کا ازالہ کیا جائے تاکہ بلوچستان کے نوجوانوں کو ذہنی کوفت سے نجات مل سکے ۔