|

وقتِ اشاعت :   December 19 – 2013

imagesکوئٹہ (آئی این پی)وادی کوئٹہ سمیت بلوچستان کے اکثر علاقے شدید سردی کی لپیٹ میں ہے ،جس کی وجہ سے کوئلے اور لکڑی کی مانگ میں اضافہ ہوگیا ہے جبکہ کوئٹہ شہر میں گیس پریشر کی کمی کے باعث لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ، شہریوں نے دھمکی دی ہے کہ اگر شہر میں گیس پریشر میں کمی کو دور نہ کیا گیا تو سوئی سدرن گیس کے دفتر کا گھیراؤ کریں گے ۔ تفصیلات کے مطابق وادی کوئٹہ سمیت بلوچستان کے شمالی علاقوں توبہ اچکزئی ، توبہ کاکڑی ، کان مہترزئی ، زیارت ، رود ملازئی ، پشین ، قلعہ عبداللہ ، مستونگ سمیت کئی علاقے سردی کی شدید لپیٹ میں ہیں جس کے باعث کاروباری زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی اور بلوچ کے اکثر علاقوں میں لکڑی اور کوئلے کی مانگ میں اضافہ ہوگیا جبکہ کوئٹہ شہر کے اکثر علاقوں پشتون آباد ، خروٹ آباد ، سٹیلائٹ ٹاؤن ، عالمو چوک ، نواں کلی سمیت دیگر علاقوں میں سردی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی گیس پریشر میں کمی واقع ہوگئی جس کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور شہریوں نے دھمکی دی ہے کہ اگر موسم سرما میں گیس پریشر کا مسئلہ حل نہ ہوا تو ہم سخت احتجاج کرنے پر مجبور ہوں گے اور سوئی سدرن گیس کے دفتر کا گھیراؤ کریں گے ۔