شارجہ(آزادی نیوز)پاکستان نے سری لنکاکوتیسرے ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں 113رنزسے شکست دیدی۔سری لنکا کی پوری ٹیم پاکستان کی جانب سے دیئے گئے ہدف 326کے جواب میں 44.4اوورز میں 213رنز بناکر آؤٹ ہوگئی،اس طرح پانچ ایک روزہ میچوں کی اس سیریز میں پاکستان نے 2۔1کی برتری حاصل کرلی ہے۔شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی جو کہ کپتان انجیلو میتھیوز کو بھاری پڑگئی اور پاکستان نے 326جیسا بڑامجموعہ ترتیب دے ڈالا۔ جس کے جواب میں آئی لینڈرز اس معیار کا کھیل پیش کرنے میں ناکام رہے جس کی کہ وہ شہرت رکھتے ہیں، اور وہ کھیل کے ہر شعبے میں آج پاکستان کے سامنے بے بس نظر آئے،پاکستان کی جانب سے عمر گل سب سے کامیاب بولر ثابت ہوئے اور انھوں نے ایک طویل عرصے بعد اپنے کم بیک کے ساتھ ہی تین وکٹیں اپنے نام کی،انکے علاوہ جنید خان ،سعید اجمل اور محمد حفیظ نے دو دو جبکہ شاہد آفریدی نے ایک وکٹ حاصل کی۔سری لنکا کی جانب سے سوائے تجربہ کار تلکا رتنے دلشان 59،کپتان میتھیوز 44،چندی مل 36اور پرسنا 22کے علاوہ کوئی اور بیٹسمین گرین شرٹس کے سامنے زیادہ دیر مزاحمت نہ کرسکا۔اور آئی لینڈرز یکے بعد دیگرے پویلین لوٹتے رہے۔محمد حفیظ کو انکی شاندار پرفارمنس پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔