|

وقتِ اشاعت :   December 23 – 2013

کوئٹہ (آزادی نیوز)کوئٹہ میں شہدائے کربلا کے چہلم کے موقع پر جلوس کی سکیورٹی کے انتظامات مکمل کرلئے گئے، محکمہ داخلہ بلوچستان نے چہلم کے موقع پر سکیورٹی خدشات کے پیش نظر کوئٹہ میں موبائل سروس کی بندش کے لئے وفاقی وزارت داخلہ کو لیٹر لکھ دیا۔محکمہ داخلہ بلوچستان کے ذرائع نے زونامہ آزادی نیوزکوبتایا کہ شہدائے کربلا کے چہلم کے موقع پر جلوس کی سکیورٹی کیلئے پولیس، ایف سی اور بی آر پی کے5ہزار سے زائد اہلکارتعینات کئے جائیں گے جبکہ شہر کے پہاڑوں پر لیویز کا عملہ تعینات کیا جائے گا۔ پاک فوج بھی شہر کے تین مقامات پر اسٹینڈ بائی رہے گی، محکمہ داخلہ بلوچستان کے ذرائع نے بتایا کہ شہدائے کربلا کے چہلم کے موقع پر تمام سرکاری اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ رہے گی۔ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی چھٹیاں منسوخ کرکے انہیں اپنی اپنی ڈیوٹی پر حاضر رہنے کی ہدیات کردی گئی ہے۔ محکمہ داخلہ بلوچستان نے چہلم کے موقع پر سکیورٹی خدشات کے پیش نظر موبائل سروس کی بندش کے لئے وفاقی وزارت داخلہ کو لیٹر ارسال کردیاہے جس میں درخواست کی گئی ہے کہ کوئٹہ شہر میں صبح 6 بجے سے شام 6 بجے تک موبائل سروس بند رکھی جائے۔