اسلام آباد(آزادی نیوز)سندھ میں بلدیاتی انتخابات کیلئے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کل سے وصول کیے جائیں گے جبکہ پنجاب میں کاغذات جمع کرانے کیلئے دو دن رہ گئے۔ سندھ میں کاغذات نامزدگی کا اجراء منگل سے شروع ہوگیا، ریٹرننگ افسر کے دفاتر سے پہلے دن تین ہزار کاغذات نامردگی لیے گئے۔مختلف نشستوں کے لئے کاغذات وصول کرنے والوں میں متحدہ قومی موومنٹ، پیپلزپارٹی، تحریک انصاف اور دیگر جماعتوں کے ارکان شامل تھے۔ کل سے کاغذات جمع کرانے کا سلسلہ شروع ہوگا جو 29دسمبر تک جاری رہے گا، جانچ پڑتال اور اعتراضات کے مختلف مراحل کے بعد 13 جنوری کو امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کردی جائے گی، پولنگ اٹھارہ جنوری کو ہوگی۔ ادھر پنجاب میں کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی ڈیڈلائن 27دسمبر ہے ، بڑی تعداد میں امیدوار میدان میں آچکے ہیں ، صوبے میں ووٹنگ 30 جنوری کو ہوگی۔