کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)بلوچستان کے ضلع مستونگ میں لیویز فورس نے کارروائی کرتے ہوئے بھاری مقدار میں خطرناک اسلحہ کراچی اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی۔ ڈپٹی کمشنر مستونگ محراب شاہ کے مطابق لیویز فورس نے خفیہ اطلاع ملنے پر کوئٹہ کراچی شاہراہ پر کرد گاپ کے قریب ناکہ بندی کر رکھی تھی اس دوران کوئٹہ سے کراچی جانے والی ایک پک اپ گاڑی کو روکنے کا اشارہ کیا گیا تو ملزمان نے گاڑی روکنے کی بجائے فائرنگ شروع کردی۔ لیویز فورس کی جوابی کارروائی پر ملزمان گاڑی چھوڑ کر فرار ہوگئے۔ ڈپٹی کمشنر کے مطابق گاڑی کی تلاشی لینے پر بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد ہوا ۔ برآمد ہونے والے اسلحہ میں62کلاشنکوف، 30 پستول، دوقلم نما پستول اور اس کی گولیاں،کلاشنکوف کے 120 میگزین، پستول کے 46میگزین ، ایک نائٹ لیزر ، تین دور بین، تین سائلنسر اورسینکڑوں گولیاں شامل ہیں۔ ڈپٹی کمشنر کے مطابق نامعلوم ملزمان یہ اسلحہ پاک افغان سرحد چمن سے کوئٹہ اور مستونگ کے راستے کراچی اسمگل کررہے تھے تاہم لیویز نے ان کی یہ کوشش ناکام بنادی۔ لیویز تھانہ کرد گاپ میں نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔