|

وقتِ اشاعت :   December 25 – 2013

اسلام آ باد(آزادی نیوز) سابق صدر پرویزمشرف نے اپنے حمایتیوں کو سڑکوں پر لانے کافیصلہ کر لیا۔وکلااور سیاسی اتحادیوں کے ساتھ رابطے شروع کردیے گئے۔ انتہائی مستندذرائع سے معلوم ہواہے کہ سابق صدرنے سنگین غداری کے مقد مے کوعدالتوں کے اندرلڑنے کے علاوہ باہرسڑکوں پربھر پورانداز میں اٹھانے اورسیاسی انتقام کے نام پراس کے خلاف احتجاج کرنے کافیصلہ کرلیا ہے اوراس بارے اپنے سیاسی رفقاکو ٹاسک سونپ دیاگیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پہلااحتجاجی مظاہرہ شاہراہ دستورپر منعقدکیے جانے کاامکان ہے جس کاباقاعدہ اعلان چنددن میں کر دیاجائے گا۔ ذرائع کے مطابق پرویزمشرف کی سیاسی جماعت ا?ل پاکستان مسلم لیگ میں شامل کچھ متحرک وکلاکو اس ضمن میں وکلابرادری سے بھی رابطے کے لیے کہاگیا ہے تاکہ ہم خیال وکلاکو بھی مجوزہ احتجاج میں شامل کیا جاسکے۔ ذرائع نے بتایاکہ متوقع احتجاج اورلوگوں کوسڑکوں پرلانے کے لیے پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ طاہرالقادری سے بھی رابطہ کیاگیا ہے اورانھوں نے سابق صدرکو بھرپور تعاون کایقین بھی دلایاہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان مسلم لیگ(ق) سے بھی رابطے استوارکیے گئے ہیں جبکہ ملک کی ایک بڑی سیاسی جماعت نے بھی پردے کے پیچھے رہ کرتعاون کایقین دلایاہے۔ ذرائع کے مطابق سابق صدرنے گزشتہ رات اپنے سیاسی رفقااور قانونی مشیروں کے ساتھ طویل مشاورت کے بعدغداری کیس کوسیاسی اندازمیں بھی لڑنے کافیصلہ کیا۔