|

وقتِ اشاعت :   December 26 – 2013

کراچی(آزادی نیوز) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے ارشد پپو قتل کیس میں پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی شاہ جہاں بلوچ سمیت 6 ملزمان پر فرد جرم عائد کر دی ہے جبکہ عزیر بلوچ اور نور محمد عرف بابا لاڈلہ سمیت 7 ملزمان کو ایک بار پھر اشتہاری قرار دے دیا ہے۔ روزنامہ آزادی نیوز کے مطابق کراچی میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نمبر 2 میں ارشد پپو قتل کیس کی سماعت ہوئی، سماعت کے دوران عدالت نے شاہ جہاں بلوچ کے وکیل کی جانب سے ایف آئی آر پر لگائے گئے اعتراضات کو مسترد کرتے ہوئے زیر حراست تمام ملزمان پر فرد جرم عائد کر دی تاہم ملزمان نے صحت جرم سے انکار کر دیا جس پر عدالت نے گواہان کو 11 جنوری کو طلب کر لیا ہے، دوسری جانب عدالت نے کالعدم پیپلز امن کمیٹی کے سربراہ عزیر بلوچ اور نور محمد عرف بابا لاڈلہ سمیت 7 ملزمان کو ایک مرتبہ پھر اشتہاری قرار دے دیا ہے۔ واضح رہے کہ رواں برس مارچ میں قتل ہونے والے ارشد پپو کی بیوہ نے شاہ جہاں بلوچ اور عزیر بلوچ سمیت متعدد افراد کے خلاف اپنے شوہر اوردیور کے قتل میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا تھا۔