اسلام آباد(آزادی نیوز) وزیراعظم نواز شریف نے مولانا سمیع الحق کو طالبان سے مذاکرات کیلئے گرین سگنل دیدیا۔ مولانا کا کہنا ہے کہ طالبان سے جلد رابطہ کر کے صورت حال سے آگاہ کروں گا۔وزیراعظم نواز شریف اور جمعیت علماء اسلام (س) کے سربراہ مولانا سمیع الحق کی ڈیڑھ گھنٹے تک ون آن ون ملاقات ہوئی ہے، جس میں طالبان سے مذاکرات اور آئندہ کی حکمت عملی سے متعلق امور پر مشاورت کی گئی، وزیراعظم نے مولانا سمیع الحق کو طالبان سے مذاکرات کیلئے راہ ہموار کرنے کا ٹاسک دے دیا ہے۔ملاقات کے دوران وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ طالبان سے مذاکرات کا عمل شروع کرائیں، حکومت سنجیدہ ہے۔ مولانا سمیع الحق نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وزیراعظم کی درخواست پر ملاقا ت کی ہے، جہاں تک ہوسکا اس مسئلے کو حل کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ بنیادی مسئلہ یہی ہے کہ ڈرون حملے بند کرائے جائیں ،امریکا کو سمجھانا چاہئے کہ طالبان سے مذاکرات ایک اچھا عمل ہے۔ انہوں نے کہاکہ جب ہم تیار ہوتے ہیں تو بیرونی دباو? ہمیں آگے بڑھنے نہیں دیتا، پرائی جنگ میں ہزاروں پاکستانی شہید ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پیش رفت سے میڈیا کو آگاہ کیا جائے گا، سانحہ راول پنڈی اور فرقہ واریت کے امور پر بھی گفتگو کی گئی۔ مولانا سمیع الحق نے کہا کہ طالبان کی بنیادی ناراضگی غیروں کی پالیسیوں پر عمل کرنا ہے، حکومت سنجیدہ ہے تو مذاکرات شروع کرنے میں پورا اثرورسوخ استعمال کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ شمالی وزیرستان میں ہونے والے مالی نقصان کا ازالہ کیا جائے۔ ذرائع کے مطابق مولانا سمیع الحق نے وزیراعظم کو خارجہ پالیسی پر نظرثانی کا مشورہ بھی دیاہے۔