|

وقتِ اشاعت :   January 7 – 2014

اسلام آباد(آزادی نیوز) سعودی وزیر خارجہ سعود الفیصل نے وزیر اعظم پاکستان نواز شریف سے ملاقات کی جس میں دو طرفہ امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ روزنامہ آزادی کے مطابق نواز شریف اور سعودی وزیر خارجہ کے درمیان ون آن ون ملاقات وزیر اعظم ہاؤس میں ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے تعلقات کو فروغ دینے کے علاوہ رواں سال امریکی اور اس کی اتحادی فوجوں کے افغانستان سے انخلا کے معاملے پر بھی بات چیت کی جبکہ افغان امن عمل جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ بعد ازاں وزیر اعظم نواز شریف اور سعود الفیصل کے درمیان وفود کی سطح پر بھی ملاقات ہوئی جس میں دونوں ممالک کے درمیان تجارت، معیشت اور توانائی کو فروغ دینے کے حوالے سے بات چیت کی گئی، وفود کی سطح پر ہونے والی ملاقات میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیر داخلہ چوہدری نثار، وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف، مشیر خارجہ سرتاج عزیز اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود تھے۔واضح رہے کہ سعودی وزیر خارجہ سعود الفیصل 2 روزہ سرکاری دورے پر کل اسلام آباد پہنچے تھے جہاں ان کا سرتاج عزیز نے پرتپاک استقبال کیا تھا۔