لند ن(آزادی نیوز) مانچسٹر یونائیٹڈ اور انگلینڈ کی فٹ بال ٹیم کی جانب سے کھیلنے والے کرس سمالنگ نے فینسی ڈریس پارٹی پر خودکش بمبار کے روپ میں جانے پر معافی مانگی ہے۔ مانچسٹر یونائیٹڈ اور انگلینڈ کی ٹیم کے دفاعی کھلاڑی سمالنگ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ اپنے ’بیحس‘ فیصلے پر معافی مانگتے ہیں۔ کرس نے فینسی ڈریس پارٹی میں جیگر میسٹر اور ریڈ بل کی بوتلیں اپنے جسم کے ساتھ باندھیں اور یہ ظاہر کیا کہ جیسے وہ خودکش بمبار ہیں۔ برطانوی اخبار دی سن نے کرس کی تصویر شائع کی ہے۔ اس تصویر میں کرس فوجیوں کی شرٹ پہنے ہوئے ہیں اور بوتلیں لٹکائی ہوئی ہیں۔ ان بوتلوں کے ساتھ سرکٹ بورڈ اور تاریں جڑی ہوئی ہیں۔ کرس کی مینیجمنٹ کمپنی کی جانب سے جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے ’کسی کے جذبات مجروح کرنے پر وہ اس پر معافی مانگتے ہیں۔‘ ان کی کمپنی نے امریکی خبر رساں ایجنسی اے پی کو بتایا ’کرس اور ان کی دوست نے کرسمس کے موقعے پر فینسی ڈریس پارٹی کا اہتمام کیا تھا۔ اس پارٹی پر ان کے قریبی دوست آئے تھے۔ ’کرس نے جو لباس پہنا تھا اس میں انھوں نے جسم سے خالی بوتلیں اور کین لٹکائے تھے، ان کا مقصد مزاح کا تھا۔‘ بیان میں مزید کہا گیا ’اگرچہ اب ان کو احساس ہو رہا ہے کہ ایک سادہ سا مزاح تھا لیکن اگر کسی کے جذبات مجروح ہوئے ہیں تو اس کے لیے وہ معافی مانگتے ہیں۔‘