کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)چمن اور ڈیرہ بگٹی میں گیس سلنڈر اور لیکیج دھماکے سے تین بچے جاں بحق اور 10افرا د زخمی ہوگئے۔ لیویز کے مطابق پاک افغان سرحدی شہر چمن کے لیویز ایریا کلی محمد حسن ٹھیکیدار میں حاجی محمد رفیق کے گھر میں گیس سلنڈر زور دار دھماکے سے پھٹ گیا۔ دھماکے کے نتیجے میں دو بچے 9سالہ محمد صادق اور10سالہ بی بی تورہ موقع پر ہی جاں بحق جبکہ چھ افراد زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کے لئے بولان میڈیکل اسپتال کے برن وارڈ منتقل کردیا گیا۔ زخمیوں میں پوپلزئی زوجہ محمد رحیم خان اور اس کے دو بچے 12سالہ نعیم خان اور 7سالہ میمونہ کے علاوہ بی بی فیروزہ زوجہ اسد اللہ ، اس کی بیٹی گل پانڑا اور بیٹا محمد عاطف شامل ہیں۔زخمیوں میں کئی کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ دریں اثناء ڈیرہ بگٹی کے علاقے لوٹی میں ایک گھر میں گیس لیکج کے باعث دھماکے سے تین سالہ بچہ جاں بحق جبکہ دو خواتین سمیت تین افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔ یاد رہے کہ گزشتہ ایک مہینے ممیں بلوچستان میں گیس کے باعث ہونے والے حادثات میں30سے زائد افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی و بے ہوش ہوچکے ہیں۔