راو لپنڈی(آزادی نیوز) آرمڈ فورسز انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں سابق صدر پرویز مشرف کی صحت میں بہتری کے بعد انہیں آج یا کل اسپتال سے ڈسچارج کئے جانے کا امکان ہے۔ روزنامہ آزادی کے مطابق آرمڈ فورسز انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں سابق صدر کا علاج کرنے والے ڈاکٹرز پرامید ہیں کہ پرویز مشرف کی صحت میں کافی بہتری آچکی ہے جس کے بعد میڈیکل بورڈ نے پرویز مشرف کو ڈسچارج کرنے کے لئے سرجوڑ لئے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پرویز مشرف کی صحت بہتری کے بعد ڈاکٹرز کی جانب سے انہیں اسپتال سے آج یا کل ڈسچارج کیا جاسکتا ہے تاہم انہیں ہر ہفتے مکمل او پی ڈی چیک اپ کے لئے اسپتال آنا پڑے گا جب کہ پرویز مشرف کو دل کے عارضے کے لئے دی جانے والی ادویات 3 ماہ تک جاری رکھنے کا مشورہ بھی دیئے جانے کا امکان ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے غداری مقدمے میں خصوصی عدالت جاتے ہوئے سابق صدر پرویز مشرف کو اچانک دل میں تکلیف کے باعث آرمڈ فورسز انسٹیٹیوٹ ا?ف کارڈیالوجی راولپنڈی منتقل کردیا گیا تھا جہاں وہ اب تک زیر علاج ہیں۔دوسری جانب خصوصی عدالت نے پرویز مشرف کی میڈیکل رپورٹس کا جائزہ لینے کے بعد انہیں 16 جنوری کو طلب کر رکھا ہے جب کہ گزشتہ روز عدالت نے ضابطہ فوجداری سے متعلق درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے کہا تھا کہ آرٹیکل 6 کے تحت غداری کیس میں ضابطہ فوجداری کا اطلاق ہوگا جس کے باعث عدالت ملزم کے وارنٹ گرفتاری جاری کرسکتی ہے۔