|

وقتِ اشاعت :   January 13 – 2014

اسلام آ باد(آزادی نیوز) سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کو سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق نیا شیڈول جاری کرنے کی اجازت دے دی۔ جسٹس تصدق حسین جیلانی کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے بلدیاتی انتخابات کے شیڈول میں تبدیلی سے متعلق الیکشن کمیشن کی درخواست پر سماعت کی۔ دوران سماعت الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ سندھ اور لاہور ہائیکور ٹ کے تفصیلی فیصلے آنے کے بعد مقررہ تاریخوں پر بلدیاتی الیکشن کا انعقاد ممکن نہیں ہے، اگر انتخابات کے تمام انتظامات مکمل بھی ہوجائیں تب بھی 18 اور 30 جنوری کو الیکشن ممکن نہیں، اس موقع پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل شاہ خاور کا کہنا تھا کہ صوبوں کی جانب سے قانونی تقاضے پورے ہونے کے بعد الیکشن کمیشن نیا شیڈول دے گا۔ عدالت نے الیکشن کمیشن کی استدعا منظور کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن تمام ضروری اقدامات کرنے کے بعد بلدیاتی انتخابات کا نیا شیڈول جاری کرے، عدالت نے درخواست کی سماعت فروری کے پہلے ہفتہ تک ملتوی کردی۔ سیکریٹری الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سندھ اور پنجاب کے بلدیاتی انتخابات کا شیڈول تبدیل کرنے کی اجازت مل گئی، اب مقرر تاریخوں پر انتخابات نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ عدالتی احکامات کے پیش نظرحلقہ بندیاں بھی ہوں گی جب کہ قانون میں ترامیم، رولز اور قانون سازی کے بعد نئی تاریخ کا اعلان کریں گے۔ تمام عمل جلد مکمل ہوجائے گا اور بلدیاتی انتخابات مزید التوا کا شکار نہیں ہوں گے۔