راولپنڈی: آرمڈ فورسز انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے ماہرین پر مشتمل میڈیکل بورڈ نے سابق صدر پرویز مشرف کی طبی رپورٹ تیار کرلی ہے جسے جمعہ کو خصوصی عدالت کے رو برو پیش کیا جائے گا۔ آرمڈفورسزانسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے ماہر امراض قلب، آرتھو پیڈک سرجنز، ماہر نفسیات اور دیگر طبی ماہرین پر مشتمل میڈیکل بورڈ نے سابق صدر کی طبی رپورٹ تیار کی ہے جس میں پرویز مشرف کو درپیش طبی مسائل اور ان کی علامات کا ذکر کیا گیا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سابق صدر شدید ذہنی دباؤ اور دل کی مختلف بیماریوں میں مبتلا ہیں اس کے علاوہ انہیں کمر اور بازو میں بھی درد کی شکایت ہے، میڈیکل رپورٹ میں مجوزہ علاج کی بھی نشاندہی کی گئی ہے، رپورٹ کو سیل کردیا گیا ہے جسے کل خصوصی عدالت کے سامنے پیش کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ جسٹس فیصل عرب کی سربراہی میں خصوصی عدالت نے سابق صدر کو عدالت میں پیشی سے استثنیٰ دینے کے حوالے سے اے ایف آئی سی کو ایک میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا حکم دیا تھا تاکہ بورڈ ان کی صحت کے حوالے سے طبی رپورٹ تیار کرسکے۔