راولپنڈی: قومی اسمبلی میں حزب اختلاف کے سربراہ ، سید خورشید احمد شاہ نے جمعے کو کہا ہے کہ پوری قوم دہشتگردی کیخلاف جنگ میں متحد ہے اور اب وقت آگیا ہے کہ معصوم لوگوں کی جانوں سے کھیلنے والے افراد کیخلاف حتمی فیصلہ کیا جائے۔
کمبائنڈ ملٹری ہسپتال ( سی ایم ایچ) میں میڈیا نمائیندگان سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا، ‘ ہم فکر مند ہیں کہ آخر کیوں سیکیورٹی اہلکاروں اور عوام کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ ہمیں مل کر بیٹھنا ہوگا اور دہشتگردوں کیخلاف حکومت کو حتمی فیصلہ کرنا ہوگا۔’
وہ بنوں اور راولپنڈی میں حالیہ طالبان حملوں میں زخمی ہونے والے سیکیورٹی اہلکاروں سے خیریت دریافت کرنے کے بعد میڈیا سے بات کررہے تھے۔
ان کے ہمراہ سابق وفاقی وزرا قمر زمان کائرہ اور نذر محمد گوندل بھی تھے۔
خورشید شاہ نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ( پی پی پی ) یہ کہتی آئی ہے کہ وہ ملک میں دہشتگردوں کی کارروائیوں کو ختم کرنے کے ہر حکومتی فیصلے کی مکمل تائید کرتی ہے۔
اپوزیشن لیڈر نے کہا جب جب جمہوریت اور ملکی سلامتی پر بات ہوگی تو پی پی پی حکومت کو تنہا نہیں چھوڑے گی، انہوں نے کہا کہ پوری قوم اور پی پی پی وزیرِ اعظم نواز شریف کیساتھ کھڑی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پی پی پی نے اپنےدورِ حکومت میں پارلیمنٹ کو اعتماد میں لینے کے بعد سوات میں اور مالاکنڈ میں دہشتگردوں کا صفایا کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اب سیاسی اسکورنگ کا وقت نہیں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومتی رٹ ہر حال میں بحال ہونا ضروری ہے اور کسی بھی محاذ پر کمزوری دشمنوں کو مزید مضبوط کرے گی۔