اسلام آباد: وفاقی حکومت نے کوئلے سے چلنے والے لاکھڑا پاور پراجیکٹ کی نجکاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ فیصلہ گزشتہ روز یہاں وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں ہوا۔ اجلاس میں چیئرمین نجکاری کمیشن زبیر اسد،سیکریٹری خزانہ ڈاکٹر وقار مسعود،مُشیر خزانہ رانا اسد امین، سیکریٹری نجکاری کمیشن امجد علی خان سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں چیئرمین نجکاری کمیشن زبیر اسد نے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو مختلف سرکاری اداروں کی نجکاری کے حوالے سے ہونے والی پیشرفت کے بارے میں بریفنگ دی۔ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ہدایت کی کہ لاکھڑا پاور پراجیکٹ کی نجکاری کیلیے سمری تیار کرکے مشترکہ مفادات کی کونسل کو بھجوائی جائے۔
اجلاس میں سرکاری کارپوریشنز کی نج کاری کے معاملات زیر غور آئے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ کابینہ کی نجکاری کمیٹی کوئلے سے چلنے والے لاکھڑا پاور پراجیکٹ کی نجکاری کا فیصلہ کرچکی ہے لہٰذا اس کیلیے اقدامات کیے جائیں۔ وزیر خزانہ نے ہدایت کی کہ نجکاری کمیشن اس سلسلے میں سمری تیار کرے جو مشترکہ مفادات کی کونسل کے اجلاس میں پیش کی جائے گی۔ کوئلے سے چلنے والا لاکھڑا پاور پلانٹ جامشورو میں واقع ہے۔ سال 2006 میں پلانٹ کو نجی کمپنی کو لیز پر دیا گیا مگر گزشتہ سال سپریم کورٹ نے اس لیز کو غیر قانونی اور غیر شفاف قرار دے دیا تھا۔