اسلام آباد: نیشنل بینک آف پاکستان (این بی پی) کو پرائم منسٹر یوتھ بزنس لون پروگرام کے تحت 10 ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔
این بی پی کے ترجمان نے کہا ہے کہ موصول ہونے والی قرضے کی مجموعی درخواستوں میں سب سے زیادہ درخواستیں صوبہ پنجاب سے وصول ہوئی ہیں جبکہ اس کے بعد خیبر پختونخوا، سندھ، بلوچستان، اسلام آباد، آزاد جموں وکشمیر اور گلگت بلتستان سے وصول ہوئی ہیں۔ یوتھ پروگرام کے تحت قرضے کے حصول کے خواہشمندوں میں سب سے زیادہ تعداد انٹرمیڈیٹ پاس نوجوانوں کی ہے، اس کے بعد میٹرک پاس نوجوانوں کا نمبر آتا ہے اور پھر گریجویٹ اور ماسٹر ڈگری ہولڈرز ہیں۔ سید ابن حسن نے کہا کہ قرضہ حاصل کرنے کے خواہشمند درخواست دہندگان میں 88 فیصد مرد جبکہ 12 فیصد خواتین شامل ہیں اور سب سے زیادہ درخواستیں زرعی شعبے سے منسلک کاروبار کیلیے دی گئی ہیں۔ این بی پی نے سال 2011 میں 27 ارب روپے کے قرضے جاری کیے ہیں جو بڑھ کر 60 ارب روپے تک پہنچ چکے ہیں جن میں سے نان پرفارمننگ لونز کی شرح صرف 5فیصد ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم یوتھ بزنس لون پروگرام سے روزگار کے لاکھوں نئے مواقع پیدا ہونے کے ساتھ ساتھ جی ڈی پی میں 2تا 3فیصد کا اضافہ متوقع ہے جو غربت کے خاتمے میں معاون ثابت ہوگا جبکہ زرعی شعبے میں کاروبار شروع کرنے سے ملک کے زرعی شعبے میں بھی نمایاں ترقی ہوگی۔