اسلام آباد…جیونیوز پر گریٹ ڈبیٹ میں آج پرویز مشرف کے بارے میں گرماگرم بحث ہوئی۔ ایک سوال یہ اٹھایا گیا کہ کیا مشرف ملک سے باہر چلے جائیں گے ؟ احسن اقبال نے کہا کہ مشرف عدالت کا سامنا کیے بغیر باہر گئے تو سیاست چھوڑدوں گا،جاوید ہاشمی بولے مشرف باہر جائیں گے اور اڑن کھٹولے پر جائیں گے،جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف ملک سے باہر چلے جائیں گے یا نہیں،اس سوال پر جیو نیوز کی خصوصی ٹرانسمیشن جیو مشرف ،جینے دو مشرف کا انعقاد کیا گیا۔پیپلز پارٹی کے رہنماء قمر زمان کائرہ نے کہا کہ پرویز مشرف کو باہر جانے کی اجازت ملی اور دوسرے ملزموں کو حق نہ ملا تو عدالت کے باہر احتجاج کروں گا۔مسلم لیگ ن کے احسن اقبال کا کہنا ہے کہ اگر جنرل مشرف کو باہربھیج دیا گیا تو وہ سیاست چھوڑ کرگھر بیٹھ جائیں گے۔تحریک انصاف کے رہنما جاوید ہاشمی نے کہا کہ کہتے ہیں کہ مشرف باہر جائیں گے اور اڑن کھٹولے پر جائیں گے، آپ کس ملک میں بیٹھ کر باتیں کررہے ہیں؟۔متحدہ قومی موومنٹ رابطہ کمیٹی کے رکن سید حیدر عباس رضوی نے کہا کہ مقدمہ نہ صرف بارہ اکتوبر سے شروع کیا جائے بلکہ ماضی کے آمروں جنرل ایوب خان، جنرل یحییٰ خان اور جنرل ضیاء اور انکا ساتھ دینے والوں کے خلاف بھی اسی قسم کے اقدامات کیے جائیں انھوں نے کہا کہ بارہ اکتوبر کے دن تو جنرل مشرف فضاء میں تھے اور انھیں برطرف کردیا گیا تھا تو اگر آئینی وزیراعظم اور فیلڈ پر موجود آرمی چیف کا حکم ماننے کے بجائے جنرل مشرف کا ساتھ دینے والوں کا بھی احتساب کیا جائے تاکہ انصاف ہو۔