کراچی: کراچی میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات کے دوران مزید8افرادہلاک ہوگئے جبکہ اورنگی میں سیاسی رہنماکے گھرکے باہر3دھماکوں میں16 افراد جبکہ فائرنگ کے دیگرواقعات میں18زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان بازار تھانے کی حدودسیکٹر16میںگلشن بہارسوسائٹی اسکول روڈپرنامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے 45سالہ اے ایس آئی منظورحسین کوشہیدکردیا،مقتول پولیس اے ایس آئی لیگل برانچ ایس پی نیوکراچی میں بطورانچارج تعینات تھا،مقتول اے ایس آئی طوری بنگش کالونی کچی آباد پولیس چوکی کے قریب رہائش پذیر اور2 بچوں کا باپ تھا۔منگھو پیرگلشن توحیدکالونی میں نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے موٹر سائیکل سوارکوہلاک کردیاجس کی شناخت30سالہ اکبرحسین کے نام سے کرلی گئی،مقتول منگھوپیرپختون آبادکارہائشی تھااورمقتول کاآبائی تعلق گلگت سے تھا،مقتول پختون آبادمیں واقعے محمدی امام بار گاہ کاسیکیورٹی انچارج تھا،وہ اپنے بچوں کواسکول چھوڑکر واپس آرہا تھا کہ گلشن توحید کالونی میں گھات لگائے ملزمان نے فائرنگ کرکے ہلاک کردیا۔سپرہائی وے گنا منڈی کے قریب فائرنگ سے35 سالہ ظہیرالدین ہلاک ہوگیا۔
ہلاک ہونے والاشخص ٹنڈوآلہ یارکا رہائشی تھااورٹنڈوآلہ یار سے شادی کی تقریب میں شر کت آنے آیااور واپس جا رہا تھاکہ نشانہ بن گیا۔قائد آبادمرغی خانہ اسٹاپ کے قریب موٹر سائیکل پر سوار ملزمان نے کار پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 42 سالہ شفاعت ہلاک جبکہ45سالہ اخترشدیدزخمی ہوگیا،مقتول نجی کمپنی کاملازم اورناظم آبادکارہائشی تھا۔سہراب گوٹھ صنعتی ایریاکے علاقے کے ڈی اے روڈ سے 30 سالہ اسفند یار خان کی لاش ملی جوگلشن معمار کا رہائشی اوروڈیو کی دکان کا مالک تھا، مقتول کو نامعلوم ملزمان نے اغوا کے بعد فائرنگ کر کے ہلاک کیا۔کینٹ اسٹیشن کے قریب ملک مسافرخانہ کے کمرے سے 42سالہ شخص کی لاش ملی جو پراسرار طور پر ہلاک ہوگیا،وہ ماہنسرہ کا رہائشی اورڈیفنس فیز 4میں رہائش پذیر ایک زمیندار کا ملازم تھا۔
نیو ٹائون تھانے کی حدودمیں واقعے رجسٹرار گلشن اقبال 2کے دفترمیں فائرنگ سے پریڈی انویسٹی گیشن پولیس کے سب انسپکٹر آغا معشوق علی اورایک راہگیرعرفان شیخانی زخمی ہو گیا۔گلشن اقبال تھانے کی حدود بلاک5 میں فائرنگ سے45 سالہ محمدعلی زخمی ہوگیا،چمچہ ہوٹل کے قریب ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت پر24سالہ اکرم زخمی ہو گیا۔کورنگی ناصرجمپ کے قریب ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت پر32 سالہ عابدزخمی ہو گیا۔شفیق موڑکے قریب فائرنگ سے 30 سالہ عامر،نارتھ ناظم آبادضیا الدین اسپتال کے قریب 40 سالہ ثاقب،لنڈی کوتل چورنگی کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے47سالہ حفیظ زخمی ہوگیا ۔لیاری میں گینگ وار کے2گروپوں میں مسلح تصادم کے نتیجے میں4 افرادزخمی ہوگئے۔لیاری نیاآبادمیں فائرنگ سے30سالہ عبدالجبار ، آٹھ چوک مقبول مسجد کے قریب 16سالہ روبن،گل محمدلین 30سالہ ستار،سلاٹر یارڈروڈکمیلااسٹاپ کے قریب فائرنگ سے25سالہ اشوک زخمی ہو گیا۔
قصبہ کالونی میں عوامی نیشنل پارٹی مقامی رہنما کے گھر کے باہر3 بم دھماکوں میں16افراد زخمی ہوگئے،اے این پی کے رہنما معجزانہ طور پر محفوظ رہے تاہم ان کا بیٹا زخمی ہو گیا، عوامی نیشنل پارٹی کے مقامی رہنما محمد علی کے گھر کے باہر نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کی اور2 کریکربم پھینک کرفرار ہو گئے جو زور دھار دھماکوں سے پھٹ گئے ،دھماکوں کی آواز سن کر علاقہ مکین خوف زدہ ہوگئے۔جائے وقوع پرامدادی کارروائیاں جاری تھیں کہ چند لمحوں بعدہی اے این پی کے مقامی رہنماکے گھر کے مرکزی دروازے کے قریب نصب شدہ تیسرا بم ریمورٹ کنٹرول ڈیوائس کے ذریعے سے اڑادیا گیاجس کے نتیجے میں اے این پی کے مقامی رہنما کے بیٹے عزیز خان سمیت 16افراد زخمی ہو گئے ،دھماکہ اتنا طاقت ور تھاکہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی،دھماکے کے نتیجے میں ریسکیو اداروں کی 2 ایمبولینسوں سمیت3 گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا،زخمیوں میں خلیل، حیات خان ، رحیم ، بلال ، نصیر،محبوب،درویش سلیم، اصغر ، رشید،حیدر، شیر عالم ، جاوید ،معید الحق ، مجید،وقاص شامل ہیں۔
رابطہ کرنے پر ایس ایچ او معید نے بتایا کہ 2بم دھماکے کریکر کے تھے جبکہ تیسرا دھماکاپلانٹڈ تھا،دھماکوں میں کالعدم تنظیم کا بھالو گروپ ملوث ہے ،بھالوگروپ کے سرغنہ بھالونے محمدعلی کواپنی اسٹیٹ ایجنسی بن کرکے علاقہ چھوڑنے کی دھمکی دی تھی۔چوکی انچارج ندیم کے مطابق محمدعلی اور بھالو پہلے دونوں دوست اورآپس میں پارٹنرتھے بعد میں دونوں الگ ہو گئے۔رات گئے ملنے والی اطلاعات کے مطابق گلبرگ کے علاقے فیڈرل بی ایریابلاک 10 نصیر آبادکے قریب موٹر سائیکل سواردہشت گردوں نے کار نمبرADC-660 پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں 52 سالہ سیداظہر حسین زیدی جاں بحق ہوگئے جبکہ ان کی اہلیہ شاہانہ زیدی بازو پر گولی لگنے سے زخمی ہوگئیں،مقتول شارع پاکستان پر واقع میرج گارڈن میں شادی کی تقریب سے واپس اپنے رہائش گاہ انچولی جا رہے تھے کہ دہشت گردوں نے انھیں ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنا دیا۔مقتول اسٹیڈیم روڈ پر واقع ایک اسکول کے پرنسپل تھے۔اورنگی ٹاؤن چمچہ ہوٹل کے قریب موٹرسائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے جمعرات کی شام کوسر پرگولی لگنے سے زخمی ہونے والا رکشا ڈرائیور اسلام زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے عباسی شہیداسپتال میں دم توڑگیا۔لیاقت آباد نمبر4ارم بیکری کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے2 افراد وقار اور جنید زخمی ہوگئے۔شیر شاہ کے علاقے پنکھاہوٹل کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے38سالہ نعمان شدیدزخمی ہوگیا۔شو مارکیٹ میں فائرنگ سے 3 افراد زخمی ہوگئے۔