|

وقتِ اشاعت :   April 3 – 2014

اسلام ااباد: وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید کا کہنا ہے کہ وزیراعظم سے آرمی چیف کی ملاقات کے دوران پرویز مشرف سے متعلق کوئی بات نہیں کی گئی اوراس حوالے سے تمام خبریں بے بنیاد ہیں۔

پرویز رشید کا کہنا تھا کہ سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف کیس کی سماعت مجاز عدالت میں ہورہی ہے جبکہ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پرویز مشرف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست مسترد کرنے کا فیصلہ نہیں کیا، سابق صدر کا کیس اس وقت عدالت میں ہے اور اس پر کوئی بھی اعلان قانونی اقدار اور مساوات کے اصولوں کی خلاف ورزی ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج کے وقار پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کیاجاسکتا جبکہ فوج ایک ادارہ ہے جس پر براہ راست تنقید قابل افسوس ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پرویزمشر ف کے وکیل کی جانب سے وزارت داخلہ کو درخواست دی گئی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ پرویز مشرف کی والدہ بیمار ہیں لہٰذا ان کا نام ای سی ایل سے نکالا جائے جس پروزارت داخلہ کا کہنا تھا کہ سابق صدر کا نام اعلیٰ عدالتوں نے ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالا ہے اوروہی ان کا نام ای سے ایل سے نکالنے کی مجاز ہیں۔