|

وقتِ اشاعت :   April 3 – 2014

لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد حفیظ نے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں ویسٹ انڈیز سے ناکامی کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کرکٹ ٹیم کی قیادت سے استعفی دے دیا۔ لاہو میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ پی سی بی چیرمین نجم سیٹھی سےخوشگوارماحول میں بات چیت ہوئی، ٹیم کی قیادت سے استعفی دینے کی خواہش کا اظہار میں نے خود کیا اس  کے لئے مجھ پر کسی نے دباؤ نہیں ڈالا، کپتانی چھوڑنے کا فیصلہ ورلڈٹی ٹوئنٹی میں ویسٹ انڈیز کے خلاف خراب کارکردگی کی وجہ سے کیا۔ محمد حفیظ نے کہا کہ میں نے ہمیشہ اپنی ذمہ داریوں سے انصاف کی کوشش کی ہے۔ قومی ٹیم میں بحیثیت کھلاڑی کسی کی بھی کپتانی میں کھیلنے کےلئے تیار ہوں۔ کرکٹ بورڈ، آفیشلز، کھلاڑیوں، میڈیا اور مداحوں کا مشکور ہوں کہ انہوں نے دوران کپتانی مجھے سپورٹ کیا۔ اس موقع پر 2 ٹورنامنٹس کے لئے کوچ مقرر کئے جانے والے سابق کرکٹر معین خان کا کہنا تھا کہ میرا کنٹریکٹ ختم ہوگیا ہے مجھے صرف 2 ٹورنامنٹس کے لیے ذمے داری دی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ بیٹنگ کے دوران کھلاڑیوں سےغلطیاں ہوئی ہیں انہیں ماننا پڑے گا۔ محمد حفيظ کا قومی ٹیم کی قیادت سے مستعفی ہونے کا فیصلہ قابل تحسین ہے اسے سب کو سراہنا چاہیے۔ حفیظ نے بورڈ کو سوچنے کا موقع دیا ہے جس سے مزید بہتری ہوسکتی ہے۔