|

وقتِ اشاعت :   April 3 – 2014

اسلام آباد: سابق صدر پرویز مشرف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے خارج کرنے کے لئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کرادی گئی ہے۔ ایڈووکیٹ شاہ جہان خان کی جانب سے عدالت عظمیٰ میں دائر کی گئی درخواست میں وفاقی حکومت اور وزارت داخلہ کو فریق بنایا گیا ہے، درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ آئین کے تحت کسی بھی شہری کی نقل و حرکت پر پابندی نہیں لگائی جاسکتی، پرویز مشرف ملک کے سابق صدر اور سابق آرمی چیف ہیں وہ متحدہ عرب امارات میں موجود اپنی علیل والدہ سے ملاقات کے لئے بیرون ملک جانا چاہتے ہیں لیکن وزارت داخلہ کی جانب سے سپریم کورٹ کے حکم کو بنیاد بنا کر ان کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے خارج نہیں کیا جارہا، جس کی وجہ سے پرویز مشرف کا نقل وحرکت کا حق متاثر ہو رہاہے، اس لئے عدالت سے استدعا ہے کہ وہ 8 اپریل 2013 کو اپنے جاری کردہ حکم پر نظر ثانی کرے اور انہیں بیرون ملک جانے کی اجازت دی جائے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز وزارت داخلہ نے سابق فوجی صدر پرویز مشرف کی جانب سے اُن کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے سے متعلق درخواست مسترد کردی تھی۔