اسلام آباد: طالبان کمیٹی کے سربراہ مولانا سمیع الحق کا کہنا ہے کہ اصل مذاکرات تو ابھی شروع ہی نہیں ہوئے تاہم امن کے لئے حکومت جذبہ خیرسگالی کے طور پر اقدامات کررہی ہے طالبان سے بھی کہیں گے کہ وہ بھی ایسے ہی اقدامات کریں.
وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان کی سربراہی میں حکومت اورطالبان کمیٹیوں کا مشترکہ اجلاس ہوا جس میں طالبان سے امن مذاکرت کے حوالے سے آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کیا گیا۔ اس موقع پر طالبان کمیٹی کے سربراہ مولانا سمیع الحق نے طالبان کی جانب سے جنگ بندی میں توسیع کے فیصلے پر اطمینان کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ابھی غیر عسکری طالبان قیدیوں کی رہائی کے معاملے پر غور کررہی ہے اور امن کے لئے حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات قابل تعریف ہیں ہم طالبان سے بھی کہیں گے کہ وہ بھی جذبہ خیر سگالی کے طورپر ایسا ہی کریں۔
مولانا سمیع الحق نے کہا کہ دونوں کمیٹیوں کے درمیان مذاکرات دو سے تین روز میں ہوں گے جس کے لئے وقت اور جگہ کا تعین کررہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اصل مذاکرات تو ابھی شروع ہی نہیں ہوئےاور اس موقع پر زیادہ گہرائی میں نہیں جانا چاہتا کیوں کہ ہم امن کے لئے جدوجہد کررہے ہیں۔