زیورخ ( آزادی نیوز) 2014 فٹبال ورلڈ کپ کے ٹکٹوں کی فروخت کا دوسرا مرحلہ گذشتہ روز ختم ہو گیا۔تقریباً 3 لاکھ45 ہزار میں سے 3 لاکھ 1 ہزار 929 ٹکٹس برازیل، امریکا ، کولمبیا، آسٹریلیا ارجنٹائن اور انگلینڈ کے رہائشیوں کو دیے گئے، اب تک25 لاکھ77 ہزار 662 ٹکٹس فروخت ہوچکے ہیں، دوسرے مرحلے میں تمام جنرل پبلک سیلز مراحل میں 15 لاکھ 91 ہزار 435 ٹکٹس ٹیموں کے سپورٹرز کو بیچے گئے، جن میں 65 فیصد برازیلینز اور 35 فیصد انٹرنیشنل شائقین شامل ہیں۔ سب سے زیادہ 10 لاکھ 41 ہزار 418 ٹکٹس برازیل،1 لاکھ 54 ہزار 412 امریکا، 40 ہزار 681 آسٹریلیا ، 38 ہزار 43 انگلینڈ اور 33 ہزار 126 کولمبیا میں خریدے گئے۔ تمام کیٹیگریز میں 2 لاکھ 61 ہزار 988 ٹکٹس رعایتی نرخوں پربرازیلین حکومت کے سوشل ویلفیئر پروگرام بولسا فیمیلیا، عمررسیدہ افراد اور طلبا کو فروخت کیے گئے۔فیفا مارکیٹنگ ڈائریکٹر انچارج ٹکٹنگ تھیری ویل نے کہاکہ 2014 فیفا ورلڈ کپ میں دلچسپی حیرت انگیز ہے، ٹورنامنٹ میں شرکت کیلیے پوری دنیا سے آنے والے لوگوں کی وجہ سے برازیل میں ٹیموں کو اپنے حامیوں کی بڑی تعداد میسر آئے گی، جو کوئی بھی اس ایونٹ کا حصہ بننا چاہے اس ماہ کے آخر تک ٹکٹس خرید سکتا ہے۔ اختتامی سیلز15 اپریل سے شروع ہوکر ٹورنامنٹ کے اختتام تک جاری رہیں گی جہاں برازیلین شائقین ہی ٹکٹس خرید سکیں گے۔ یکم جون سے سیلز کاؤنٹرزپر بھی نقد رقم سے ٹکٹس خریدے جاسکیں گے۔ تمام شائقین بشمول ہر عمر کے بچوں کیلیے اسٹیڈیم میں داخلے کیلیے ٹکٹ کا ہونا لازمی ہوگا۔