اسلام آباد: وزیرمملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی کے حزب اختلاف پر تعصب پھیلانے کے الزامات پر اپوزیشن اراکین نے ایوان میں شدید ہنگامہ آرائی کی اور قومی اسمبلی کے اجلاس سے واک آؤٹ کرگئے۔
اسپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت قومی اسمبلی کا اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا کہ اس وقت لاڑکانہ، سکھر اور حیدرآباد میں لائن لاسز 98 اعشاریہ 9 فیصد ہیں جب کہ خیبر پختونخوا میں لائن لاسز 90 فیصد تک پہنچ چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ وقت گزر گیا جب وزرا بجلی چوروں کو پشت پناہی کرتے تھے اب بجلی چوری کرنے والے جیل جائیں گے۔
عابد شیر علی کا کہنا تھا کہ شجاع پاشا کے کہنے پر پارٹیاں بنانے والے مجھ سے متھا نہ لگائیں اور اپوزیشن کے چند اراکین تعصب پھیلانے سے باز رہیں جس پر اپوزیشن کی جانب سے ایوان میں شدید ہنگامہ آرائی کی گئی اور اس دوران حزب اختلاف کے ارکان حکومت کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے ایوان سے واک آؤٹ کرگئے۔